کوئٹہ: بلوچ وائس مسنگ پرسنز کے چےئرمین نصراللہ بلوچ نے انسانی حقوق کی تنظیموں سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ قلات ،جوہان ،کابو ،شیشار میں کارروائی کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ظلم اور زیادتیوں کیخلاف آواز بلند کریں گے یہاں جاری ہونے والے اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ قلات ،جوہان،کابو،شیشار میں کارروائی سے متاثرہ خاندانوں نے ہم سے رابطہ کرکے کہاہے کہ کارروائی کے دوران ہمارے گھروں سے فورسز کے اہلکار ہمارے پیاروں کو گرفتار کرکے لے گئے ہیں اور بعد میں ان کی گولیوں سے چھلنی نعشیں پھینکی گئی ہیں اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کرکے غائب کردیا گیا ہے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور ماورائے آئین اقدام ہے جس کی ہم شدید الفاط میں مذمت کرتے ہیں کیوں کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران پہلے سے لاپتہ کرنے والے بلوچوں کی نعشیں پھینکی گئیں تھیں ہمیں خدشہ ہے کہ اس کارروائی میں بھی پہلے سے لاپتہ کئے گئے بلوچوں کی مزید نعشیں پھینکی جائیں گی ہم انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان ظلم وزیادتیوں کیخلاف بھرپور آواز اٹھاکر ان کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں ۔