|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2015

کوئٹہ :  نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ ہم ملک کے جمہوری اداروں اور آئین و قانون کی بالادستی کیلئے اپنا جمہوری کردار ادا کررہے ہیں اور اپنی جمہوری سیاست سے عوام کو ان کے حقوق دلانے کی عملی جدوجہدپرعمل پیرا ہیں نیشنل پارٹی ملک سے غربت ‘ جہالت اور لاقانونیت کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار اداکررہی ہے بلوچستان حکومت صوبہ میں صحت ‘ تعلیم اور امن وامان کو بہتر بنانے کیلئے جس طرح اپنا کردار ادا کررہی ہے وہ انتہائی قابل ستائش ہے صوبائی کنونشن جمہوری سیاست میں سنگ میل کی حیثیت اختیار کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا کرے گا ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر میرحاصل خان بزنجو اور صوبائی جنرل سیکرٹری میر عبدالخالق بلوچ نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی کارکنوں اور مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ جب تک بلوچستان کے لوگ تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں ہوجاتے اس وقت تک بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کے حصول میں مشکلات درپیش ہونگی اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں اور کارکن اپنے اندر اتحاد کو مزید مستحکم بنائیں تاکہ پارٹی قوت کو مزید مضبوط کیا جائے کیونکہ نیشنل پارٹی کارکنوں کی جماعت ہے اور پارٹی کارکن شعوری اور فکری بنیادوں پر پارٹی کو مزید آگے بڑھائیں گے تاکہ محکوم ومظلوم عوام کو ان کے جائز بنیادی اور قومی حقوق حاصل ہو سکیں انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی کنونشن کا پیغام عوام تک پہنچائیں اور اس کی تشہیر کو صوبے بھر میں تیز کریں تاکہ صوبائی کنونشن کامیابی سے ہمکنار ہو سکے ۔