|

وقتِ اشاعت :   May 23 – 2015

کوئٹہ: سردار صالح بھوتانی کا اسپیکر بلوچستان بننے کا قوی امکان، اگلے چند دنوں میں ن لیگ کی صوبائی قیادت اسپیکر کا فیصلہ کرے گی۔ن لیگ کے رکن اسمبلی سابق اسپیکر جان محمد جمالی کے استعفے کو 24 گھنٹے گزر گئے مگر تاحال نئے اسپیکر کا چناؤ عمل میں نہیں لایاگیا۔ موجودہ مخلوط حکومت میں اسپیکر کا عہدہ مسلم لیگ ن کے پاس ہے اب حتمی فیصلہ بھی مسلم لیگ ن کو کرنا ہے کہ وہ نئے اسپیکر کا چناؤ عمل میں لائینگے۔ ن لیگ کے اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رکن سردار صالح بھوتانی سب سے مضبوط امیدوار ہیں اسپیکر کا عہدہ سردار صالح بھوتانی کو دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ن لیگ کے دیگر ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ن لیگ کے ارکان اسمبلی پرنس احمدعلی، راحیلہ درانی اور طاہر محمود کے نام بھی زیر غور ہیں مگر حتمی فیصلہ پارٹی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ مگر پارٹی پوزیشن کے حوالے سے یہی شنید میں آرہا ہے کہ سردارصالح بھوتانی مضبوط امیدوار ہیں، سردار صالح بھوتانی اس سے قبل نگراں وزیراعلیٰ اور ایم پی اے بھی رہ چکے ہیں اور سابق اسپیکر اسلم بھوتانی کے بھائی بھی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی صوبائی قیادت نے اس سے قبل مسلم لیگ ق کے رکن اسمبلی اور صوبائی وزیر جعفرخان مندوخیل کواسپیکر بننے کی پیشکش کی تھی ۔ بہرحال اب صورتحال کس کروٹ بدلتی ہے ، بلوچستان اسمبلی کا نیا اسپیکر کون بنے گاجس کاکچھ دنوں میں فیصلہ ہوجائے گا۔