قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے اوپنر احمد شہزاد اور مختار احمد میدان میں اترے،دونوں نے پر اعتماد اننگز کا آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 44 رنز بنائے۔احمد شہزاد 18 رنز بنا کر ویٹوری کی گیند پر آؤٹ ہوئے مختار احمد ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 62 اور عمر اکمل 21 گیندوں پر 30 رنز بناکر نمایاں بیٹسمین رہے جب کہ دیگر پاکستانی کھلاڑی زمبابوین بولرز کے آگے بے بس دکھائی دیئے، نعمان انور 18،شعیب ملک 7،کپتان شاہد آفریدی 7، انورعلی 2 اورمحمد رضوان 6 بناکر پویلین لوٹ گئے، آخری اوور میں بلاول بھٹی نے ایک چھکا اورچوکا لگاکر ٹیم کو فتح سے ہمکنارکیا، بلاول 13 اورعماد وسیم 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس موقع پر کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ خدا کا شکرگزار ہوں کہ دونوں میچز خیریت سے ہوئے جب کہ زمبابوے کی ٹیم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی۔
دوسری جانب صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دی جب کہ اس موقع صدر کا کہنا تھا کہ امید ہے قومی ٹیم آئندہ بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی جب کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زمبابوے نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں اہم کردارادا کرکے دل جیت لئے اورامید ہے کہ ٹیم کامیابی کا یہ سلسلہ آئندہ میچوں میں بھی برقرار رکھے گی۔