کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں صدر مملکت کے بیٹے پر بم حملے میں ملوث ہونے کے شبہ میں کالعدم تنظیم کے 4ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ تربت سے بھی کالعدم تنظیم کے دو ارکان پکڑے گئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق کراچی سے متصل ضلع لسبیلہ کے علاقے حب میں رمضان گوٹھ میں ایف سی نے حساس اداروں کے ساتھ ملکر سرچ آپریشن کیا جس کے دوران کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان حب اور دیگر علاقوں میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔ گرفتار افراد پر شبہ ہے کہ وہ چوبیس مئی کو صدر مملکت ممنون حسین کے بیٹے طلعت ممنون کے قافلے پر حب میں ہونے والے بم دھماکے میں بھی ملوث ہیں اور اس حوالے سے ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ یاد رہے کہ اس حملے میں تین افراد ہلاک اور طلعت ممنون کی سیکورٹی پر مامور تین اہلکاروں سمیت تیرہ افراد زخمی ہوئے تھے۔ دریں اثناء مکران ڈویژن کے ضلع کیچ کے ہیڈ کوارٹر تربت سے ساٹھ کلو میٹر دور ڈاڈے دشت میں حساس ادارے کی اطلاع پر ایف سی نے سرچ آپریشن کیا ۔کالعدم تنظیم سے تعلق کے الزام میں دو ملزمان عابد اور بہاد کو گرفتار کرلیا ۔ایف سی ذرائع کے مطابق ملزمان سے ایک بائیس بور رائفل، ایک دوربین، ایک تھرایا اور سنپائر کی 46عدد گولیاں برآمد کی گئیں۔ گرفتار ہونیوالے ملزمان دشت کے نواحی علاقوں میں سیکورٹی فورسز پر حملوں اور ایف ڈبلیو او کے ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچانے میں ملوث تھے ۔جبکہبلوچستان کے ضلع بارکھان میں بارودی سرنگ دھماکے میں ایف سی اہلکار شدید زخمی ہوگیا ۔ واقعہ کے بعد دو ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتارکرلیا ۔جبکہ نصیرآباد میں دہشتگردی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ ایف سی ذرائع کے مطابق بارکھان میں ڈاک شاہ محمد کے مقام پر فرنٹیئر کور بلوچستان میوند رائفلز 85ونگ کا اہلکار بیس سالہ محمد عمران بلوچ سکنہ تونسہ شریفچیک پوسٹ سے نکل کر پانی بھرنے کیلئے جارہا تھا ۔راستے میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ پر پاؤں آنے سے دھماکا ہوا جس سے محمد عمران شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کو ہیلی کاپٹرکے ذریعے طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اہلکار کی حالت تشویشناک ہے ۔ دائیں ٹانگ بالکل کٹ گئی ہے جبکہ دائیں بازو اور دونوں آنکھوں پر بھی شدید زخم آئے ہیں۔واقعہ کے بعد ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے چیک پوسٹ کے قریب سے موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جن سے ایک کلاشنکوف بھی برآمد ہوئی۔ دریں اثناء ضلع نصیرآباد میں ڈیرہ مراد جمالی کے قریب چھتر روڈ پر خفیہ ااداروں کی اطلاع پر ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کی کوشش ناکام بنادی۔ سڑک کنارے نصب بیس کلو دھماکا خیزمواد، دو بارودی سرنگیں، دو گولے اور دیگر ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ نامعلوم ملزمان نے بارودی مواد اور اسلحہ ایف سی کو نشانہ بنانے کیلئے نصب کیا تھا۔