کوئٹہ : نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس دوسرے روز بھی مرکزی صدر سینٹر میر حاصل خان بزنجو کی صدارت میں جاری رہا جس میں پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے صوبائی حکومت سے بھرپور سفارش کی کہ بلوچستان کے سیاسی مسائل کو حل کرنے کےئے مذاکراتی عمل کو مزید تیز کرتے ہوئے ایک واضح پالیسی کا اعلان کریں جس میں بلوچستان کے متاثرہ خاندانوں اور نوجوانوں کی بحالی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں بلوچستان کی مسلح قوتوں کے ساتھ ہونے والے مذاکراتی عمل کو تیز کیا جائے بلوچستان کی قومی و سیاسی وقبائلی روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے قبائلی عمائدین، سیاسی و قومی رہنما ؤں کو بھی اس سیاسی عمل میں شامل کیا جائے۔ نیشنل پارٹی نے پاک چین کوریڈور کے روٹ کی تبدیلی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاک چین کوریڈور کے حوالے سے تینوں شاہراہوں کی تعمیر کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت ایک واضح پالیسی کا اعلان کرے اور تمام روٹس کیلئے باقاعدہ فنڈز کا بھی اہتمام کیا جائے۔ پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے پاک چین کوریڈور کے حوالے سے ہونے والے منصوبوں میں بلوچستان کی صوبائی حکومت کو اعتماد میں نہ لینے پر شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے کہا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی بورڈ میں بلوچستان کو 50فیصد حصہ دینے اور بورڈ کا چےئرمین وزیراعلیٰ بلوچستان کو مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔ کمیٹی نے کہا کہ بورڈ کی چےئرمین شپ کے حوالے سے سابقہ وفاقی حکومت کے وعدوں پر عملدرآمد کیاجائے ۔ پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قیادت افغانستان سمیت ایران اور ہندوستان کے ساتھ دوطرفہ بہتر تعلقات کے قیام کیلئے بھرپور کوشش کرے۔ مرکزی کمیٹی نے موقف اختیار کیا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا معاملہ انتہائی پیچیدہ شکل اختیار کرتا جارہا ہے بلوچستان میں سیاسی و مذاکراتی عمل کی پیشرفت کیلئے یہ ایک انتہائی اہم اقدام ثابت ہوسکتا ہے لہذا لاپتہ افراد کی فوری طورپر بازیابی کو یقینی بنایا جائے مرکزی کمیٹی نے ملک میں مذہبی انتہا پسندی کے رجحانات میں اضافے کو تشویشناک قرار دے کر اس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ مرکزی کمیٹی نے تمام ایم پی ایز کو ہدایت کی کہ وہ سکالر شپ کی تقسیم میں بی ایس او کے کارکنوں و رہنماؤں کو اعتماد میں لیں پارٹی کے مالیاتی معاملات کو بہتر کرنے کیلئے میر جان محمد بلیدی ی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ممبران مرکزی رہنمافداحسین دشتی اور ڈاکٹر اسحق بلوچ ہوں گے
صوبائی حکومت بلوچ مسلح قوتوں سے مذاکرات کا عمل تیز اور واضح پالیسی کا اعلان کرے، نیشنل پارٹی
وقتِ اشاعت : May 26 – 2015