|

وقتِ اشاعت :   May 26 – 2015

نوشکی: پولیٹیکل پارٹیز اسٹیئرنگ کمیٹی نے نوشکی میں قحط سالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی اداروں کے جانب سے فوری امداد کی اپیل کی ہے ،ضلع کے چار یونین کونسل خشک سالی کے بدترین لپیٹ میں ہے ،عالمی اداروں اور پی ڈی ایم اے نے فوری مدد نہ کی تو انسانی المیہ جنم لے سکتاہے ،ان خیالات کا اظہار پولیٹیکل پارٹیز اسٹیئرنگ کمیٹی کے فوکل پرسن ظاہر بلوچ،میر ثناء اللہ جمالدینی،حافظ مطیع الرحمن مینگل،حافظ عبداللہ گورگیج اور کامریڈ جمیل بلوچ نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ ضلع کے ستر فیصد آبادی کا روزگار زراعت اور گلہ بانی سے منسلک ہے ،نوشکی کے چار یونین کونسل ڈاک ،انام بوستان،کیشنگی اور مل میں طویل خشک سالی سے زیر زمین سطح آب انتہائی گر چکی ہے جبکہ خشک سالی کے باعث چراگاہیں خشک ہوچکی ہیں،پینے کی پانی ناپید ہوچکی ہے جسکے باعث زراعت تباہ اور مال مویشی سینکڑوں کے تعداد میں مر چکے ہیں جس کے باعث ان علاقوں کے اکثر لوگ روزگار سے یکسر محروم ہوچکے ہیں جبکہ ان علاقوں سے بڑی تعداد میں ہجرت کا آغاز ہورہاہے ،جبکہ مالداروں اور زمینداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کی وجہ سے وہ بے یارومددگار ہوچکے ہیں او رانتہائی ناگفتہ بہ حال زندگی گزارنے پر مجبورہیں،میر علی اور ہزارجفت کے علاقوں سے بڑی آبادی نے ہجرت کی ہے جبکہ اکثریت آبادی کسی معجزے کی انتظاراور وسائل کے کمی کی وجہ سے انہی علاقوں میں زندگی گزارنے پر مجبورہیں جس سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے ،انہوں نے کہاکہ عالمی ادارہ یو این ڈی پی کو خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں آبادیوں کو بچانے کے لئے کروڑوں کے فنڈز بھی جاری ہوچکے ہیں مگر ان سب کے باوجود نہ ہی ان اداروں نے علاقہ کا دورہ کیاہے اور نہ ہی کوئی سروے ،جس سے علاقوں کے لوگوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے جبکہ دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے حکام نے تاحال علاقہ کا دورہ نہ کرکے انتہائی بے حسی کا مظاہرہ کیاہے اور ہزاروں خاندان انتہائی کرب اور مشکل زندگی گزارنے پر مجبورہیں جبکہ علاقہ کے عوامی نمائندوں نے بھی اس سلسلے میں نہ کوئی آواز بلند کی ہے اور نہ ہی خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے لئے کوئی ریلیف کا اعلان کیاہے ،انہوں نے انکشاف کیا متاثرہ علاقوں میں مال مویشی مختلف النوع بیماریوں کا شکارہوچکے ہیں اور بڑے تعداد میں ہلاک ہورہے ہیں،محکمہ لائیوسٹاک نے بھی ان دور دراز علاقوں کے مالداروں کے مال مویشیوں کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے ہیں جو باعث افسوس ہے ،انہوں نے یواین ڈی پی اور پی ڈی ایم اے سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانی بنیادوں پر فوری اقدامات کرکے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے ہزاروں خاندانوں کی زندگی بچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں کیونکہ ان علاقوں کے ہزاروں خاندانیں اپنی بقاء اور وجود کی جنگ لڑرہے ہیں۔