|

وقتِ اشاعت :   May 28 – 2015

کوئٹہ:  نامعلوم افراد نے کپڑے کی دکان پر فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان با آسانی فرار ہوگئے۔ واقعہ کے بعد خوف و ہراس کے باعث دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سٹی سے صرف چند گز کے فاصلے پر لیاقت بازار پر میکانگی روڈ کارنر پر پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے فائر بریگیڈ پلازہ میں واقع کپڑے کی دکان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ واقعہ میں ایک دکاندار موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ایک دکاندار زخمی بھی ہوا۔ پولیس کے مطابق واردات میں بائیس بور پستول استعمال کی گئی اور موقع سے گولیوں کے دس سے زائد خالی خول برآمد ہوئے۔ ایک دکاندار نے بتایا کہ پستول پر سائلنسر لگنے کے باعث فائرنگ کی آواز کسی نے نہیں سنی۔ ملزمان کے فرار ہونے کے بعد قریبی دکانداروں کو واقعہ کا علم ہوا جس کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔ لیاقت بازار، میکانگی روڈ، کاسی روڈ، میزان چوک اور قندھاری بازار میں دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کردیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمی کو سی ایم ایچ اسپتال پہنچایا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد عارف علی اور حاجی حسین کے طور پر ہوئی ہے جن کا تعلق ہزارہ برادری سے بتایا جاتا ہے۔ زخمی محمد عیسیٰ کا تعلق بھی ہزارہ برادری سے ہے۔ لاشیں سی ایم ایچ سے نیچاری امام بارگاہ پہنچائی گئیں۔ واقعہ کے بعد شہر میں سیکورٹی سخت کردی گئی۔ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے میزان چوک، لیاقت بازار، قندھاری بازار سمیت شہر کے حساس علاقوں میں گشت شروع کردیا۔ یاد رہے کہ کوئٹہ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں دس افراد جاں بحق اور بارہ افراد زخمی ہوچکے ہیں۔