|

وقتِ اشاعت :   May 29 – 2015

لندن: برطانیہ نے ریاست پاکستان کے خلاف مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث کئی قوم پرست بلوچوں کی نگرانی شروع کردی ہے اور پاکستان سے تفصیلی معلومات کا تبادلہ بھی کیا گیا ہے۔ میڈیا رپو رٹ کے مطابق برطانیہ میں موجود بعض سرگرم بلوچ افراد سے متعلق تفصیلی معلومات پاکستان کو دے دی گئی ہیں، جسکے جواب میں پاکستان میں موجود برطانوی شہریوں کی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ یہ معلومات کا تبادلہ انتہا پسند نظریات کے حامل افراد سے متعلق کیا گیا ہے۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ پاکستان نے واضح کیا تھا کہ برطانیہ میں موجود بعض بلوچ قوم پرست پاکستان میں سویلینز اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان نے برطانیہ میں مقیم بیس کے قریب بلوچ رہنماؤں کی لسٹ برطانیہ کے حوالے کردی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ بلوچ رہنماء بلوچستان میں شرپسندی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں برطانیہ ان کی سرگرمیوں کو روکے پاکستان نے برطانیہ کو لکھے گئے ایک خط میں برطانیہ میں مقیم بیس کے قریب بلوچ رہنماؤں کی نشاندہی کی ہے کہ یہ بلوچ رہنماء بلوچستان میں شرپسند کارروائیوں میں بلواسطہ ملوث ہیں خط میں حکومت پاکستان کی جانب سے برطانیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ ان بلوچ رہنماؤں کی سرگرمیوں کو روکا جائے ان کی سرگرمیاں پاکستان کے لئے نقصان دہ ہیں خط میں کچھ دوستاویزی ثبوت بھی برطانیہ کے حوالے کئے گئے ہیں۔