|

وقتِ اشاعت :   May 29 – 2015

کوئٹہ:  کمشنر کوئٹہ ڈویژن کمبر دشتی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کے پرامن ماحول کو خراب کرنے اورانتشارپھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گاجبکہ شہر کے مفاد میں علماء کرام اہم اور کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے اپنے خطبات خصوصاََ جمعہ کے خطبے میں امن وبھائی چارے،اتفاق و اتحاد اور رواداری کوبرقرار رکھنے میں بھی کردار ادا کریں اس کے علاوہ انجمن تاجران اور تما م مکاتب فکر کے افراد اپنے صفوں میں موجودشرپسندعناصر کو بے نقاب کرتے ہوئے اتقاق واتحادکا مظاہرہ کریں تاکہ شرپسند عناصر اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال، مذہبی راوداری اور اتحاد و بھائی چارے کی فضاکی بحالی اور شرپسندعناصر کی بیخ کنی کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ داؤدخان خلجی،ڈپٹی میئرمیٹروپولیٹن کارپوریشن محمد یونس بلوچ،ایس ایس پی آپریشن اعتزازا حسن گورایا،اسسٹنٹ کمشنر سٹی طارق مینگل،سربراہ مجلس وحدت مسلمین سید ہاشم موسوی،صدر نجمن تاجران بلوچستان عبدالرحیم کاکڑاور شیعہ علماء کونسل، ہزارہ قومی تنظیم ،موٹرسائیکل ایسوی ایشن ،ڈرائی فروٹ ایسوسی ایشن ،لیاقت بازارتاجران، اتحاد تاجران اور دیگر تنظمیوں کے نمائندے اور عہدیداران بھی موجود تھے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہاکہ شہر میں حالیہ واقعات ایک سوچھی سمجھی سازش ہیں جن کا مقصد لوگوں کو دست و گربیان کرکے ،اتفاق کی فضاء کو خراب کرنا اور دہشت پھیلاکرخوف و ہراس پیدا کرنا ہے۔پولیس ،انتظامیہ اور دیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں امن وامان کی بہتری کے لئے ہنگامی طورپر اقدامات کررہے ہیں تاکہ قانون کی عملداری کوہرصورت میں قائم رکھا جاسکے جبکہ اس سلسلے میں انجمن تاجران اوردیگر برداری اپنا کردار ادا کریں تاکہ شہر کا امن تباہ کرنے والے اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکیں۔انہوں نے کہاکہ شرپسند عناصر کی گرفتاری کے لئے سیکورٹی ادارے مشترکہ طور پر ٹارگٹنڈ آپریشن کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ شہر میں احتجاج کے نام پر کسی کو بھی بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ یہاں بسنے والی تمام اقوام برسوں سے رہائش پذیر ہیں ان کے مابین تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش اور نفرت پھیلانے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہاکہ شہر میں حالیہ واقعات سے پرامن ماحول کوخراب کیا جارہا ہے اس سلسلے میں شرپسندوں کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔اور عوام سے بھی کہا ہے کہ وہ افوائیں پھیلانے والوں پر کان نہ دھریں۔انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج قانونی حق ہے لیکن اس میں شرپسندی اوربدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ہمارے درمیان موجودشرپسند عناصر اورامن کوسبوثاز کرنے والوں کی نشاندہی میں اپنا اہم کردارادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ انجمن تاجران،عوام خصوصاََ علماء کرام امن کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں اس کی وجہ سے شرپسند عناصر کئی موقعوں پر اپنے موضوم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تفرقہ پیدا کرنے اور احتجاج کے نام پر دکانیں زبردستی بند کرنے کی قطعاََ کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی جبکہ عوام دہشت اور خوف پھیلانے والوں کے خلاف انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ایس ایس پی آپریشن نے کہاکہ ایک منظم سازش کے تحت شہر کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ایسے عناصر کے خلاف پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ٹارگٹڈ آپریشن کررہی ہے۔ اور اس میں متعدد کامیابیاں بھی ملی ہیں۔صدر مجلس وحدت مسلمین نے کہاکہ شہر میں حالیہ واقعات چند مٹھی بھر عناصر شہر کا امن خراب کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے سازش ہے۔ انہوں نے کہاکہ شیعہ سنی کے مابین کوئی اختلاف نہیں ۔البتہ چند عناصر اپنے مذموم عزائم کی خاطر شیعہ سنی اتحاد میں دراڑڈالنے کی کوشش کررہے ہیں جس کو مشترکہ طور پر ناکام بنایا گیا ہے اور مستقبل میں بھی ناکام بناتے رہیں گے ۔کوئٹہ کی بردار اقوام کو آپس میں لڑنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔تاجران برداری نے ہمیشہ شہر کی بہتری اور امن کے لئے تعاون کیا ہے۔جبکہ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شرپسندوں کے خاتمے کے لئے پولیس اور انتظامیہ سے تعاون کیا جائے گا تاکہ ایسے منفی عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔صدرمرکزی انجمن تاجران نے کہاکہ شہر کی پرامن فضاء کو مکدر کرنے والے عناصر کے خلاف ہر مکتبہ فکر کے افراد متحدہ ہیں۔ جو شہر میں امن وامان کا مسئلہ پیدااور بھائی چارے کی فضاء کو خراب کرکے تاجر برداری کو نان شیبہ کا محتاج کرنا چاہتے ہیں ۔جس کی قطعاََ اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ یہ شہر ہمارا مشترکہ گھرہے۔ہم سب متحد رہتے ہوئے پولیس ،ایف سی ،انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ ملکر باہمی تعاون سے منفی عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے میں معاون ثابت ہونگے ۔