کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ کاشغر اقتصادی راہداری پر اتفاق رائے کا کریڈیٹ وزیراعظم کو جاتا ہے قومی معاملات کو اتفاق رائے سے حل کرنا اچھی بات ہے بلوچستان میں سب سے بڑا مسئلہ مذہبی انتہاء پسندی کا ہے ریکوڈک کے فوائد بلوچستان کے لوگوں کو ملنا چاہئیں اور ریکوڈک پاکستان اور بلوچستان کا بہت بڑا ذریعہ آمدن ہے کوئٹہ میں پانی کی سطح گرنے سے سبزہ بہت کم ہو گیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی جانب سے بلائی گئی اے پی سی میں تمام جمہوری اور سیاسی جماعتوں نے اکنامک کوریڈور کی منظوری دی اور اقتصادی راہداری پر اتفاق رائے کا کریڈیٹ وزیراعظم میاں نوازشریف کو جاتا ہے گوادر کاشغر اقتصادی راہداری کو پرانے روٹ پر بحال کرنے سے مطمئن ہوں اور اس روٹ میں پشتون علاقے شامل نہیں تھے اور اس حوالے سے بلوچستان اسمبلی نے مذکورہ روٹ کے حوالے سے قرار داد پاس کی اور کوئٹہ میں عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے اے پی سی بھی ہوئی جن میں بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے پرانے روٹ کی بحالی کے حوالے سے مطالبہ کیا نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل خان بزنجو نے گوادر کاشغر روٹ کی اس طرح حمایت کی جس طرح اسفندیار ولی اور محمود خان اچکزئی نے کی تھی کیونکہ نیشنل پارٹی یہ نہیں چاہتی تھی کہ روٹ کو متنازعہ بنایا جائے کیونکہ نیشنل پارٹی پشتون قوم پرست جماعتوں کے مطالبات کی حمایت ہر وقت کرتی رہی اس لئے پارٹی کے سربراہ نے وزیراعظم کی جانب سے بلائی گئی کانفرنس میں پشتون قوم پرست جماعتوں کی مکمل حمایت کی انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان میں سب سے بڑا مسئلہ مذہبی انتہاء پسندی کا ہے کیونکہ گزشتہ ایک ہفتہ سے کوئٹہ میں مسلسل ٹارگٹ کلنگ ہورہی تھی جس سے کوئٹہ شہر کی حالت خراب ہوئی اور مذہبی جماعتوں کا اجلاس بلایا جس میں ان سے اپیل کی گئی کہ بلوچستان اور خاص کر کوئٹہ کے حالات پر رحم کریں اور اس حوالے سے کوئٹہ شہر میں سختی بھی کی گئی اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں اور دوسرا مسئلہ بلوچستان میں شورش کا ہے جس سے حالات میں بہتری نظر نہیں آرہی انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی امن وامان کے حوالے سے بڑے اقدامات کئے 60 سے 70 فیصد تک ٹارگٹ کلنگ کو کنٹرول کیا اور پہلے روزانہ کی بنیاد پر اغواء برائے تاوان کے واقعات رونما ہوتے تھے مگر اب صرف دو ڈاکٹر اغواء ہوئے ہیں جن کی بازیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ایک دو سال کے مقابلے میں خضدار زیادہ محفوظ ہوگیا ہے اور سیاسی جماعتیں مظاہرے کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان ‘ افغانستان نے اچھے تعلقات قائم کئے تو مثبت اثرات سامنے آئیں گے اور دونوں کے تعلقات کی بہتری کیلئے بڑا بریک تھرو ہوا ہے انہوں نے کہا کہ وزیرستان اور خیبرپختونخوا میں ضرب عضب آپریشن کے بعد بلوچستان کے کچھ علاقے ژوب لورالائی ‘ قلعہ سیف اللہ ‘ متاثر ہوئے جس پر سیکورٹی فورسز نے ایکشن پلان کے تحت کارروائی کرتے ہوئے کئی دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جس سے اب حالات کافی بہتر ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ریکوڈک کے فوائد بلوچستان کے لوگوں کو ملنا چاہئے کیونکہ ریکوڈک پاکستان اور بلوچستان کا بہت بڑا ذریعہ آمدن ہے صوبے کے ساحل و وسائل پر کوئی معاہدہ قابل نہیں ہے اور جب تک میں وزیراعلیٰ رہوں تو کسی کو بلوچستان کے ساحل ووسائل پر آنچ نہیں آنے دیں گے انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے اور ہمیشہ سے جمہوریت پر یقین رکھتی ہے کیونکہ جمہوریت سے ہی ملک و صوبے کے مسائل حل ہوتے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دور اقتدار میں صوبے کے بہت سے مسائل حل ہوئے جن میں امن وامان دادو ‘ خضدار ‘ لورالائی ‘ڈیرہ غازی خان کی ٹرانسمیشن لائن کی پایہ تکمیل کچی کینال سے ڈیرہ بگٹی کی ایک لاکھ ایکڑ زمین کی کاشت جیسے مسائل کو حل کیا گیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی اسپیکر شپ کیلئے مسلم لیگ (ن) جو فیصلہ کرے گا اور جس کو بھی اسپیکر بنائیں گے ہمیں قابل قبول ہوگا اور ہم ان کی بھرپور حمایت کریں گے ایک سوال کے جواب کے میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پانی کی سطح خطرناک حد تک تک نیچے چلی گئی اور کوئٹہ شہر میں پانی کی سطح گرنے سے سبزہ بہت کم ہوگیا ہے مگر حکومت نے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے لاکھوں درخت لگائے گئے ہیں۔