|

وقتِ اشاعت :   May 30 – 2015

کوئٹہ:   ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث دو دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کے دوران 70 سے زائد مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے دو اہم دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ جنہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ دوران تفتیش گرفتار دہشتگردوں نے اہم انکشافات کئے ہیں۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق دونوں دہشتگرد کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات سمیت دہشتگردی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث تھے۔ کوئٹہ میں ایک ماہ کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں بارہ افراد کو قتل کیا جاچکا ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ کے علاقوں سریاب ، کیچی بیگ، قمبرانی روڈ، گوالمنڈی اور پشتون آباد میں پولیس اور ایف سی نے مشترکہ سرچ آپریشنز کئے جس کے دوران 70 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔