|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2015

کوئٹہ: مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سرچ آپریشن کے دورا ن ایک اور مغوی مسافر کی لاش مل گئی۔جاں بحق افراد کی تعداد بائیس ہوگئی۔سرچ آپریشن میں سات افراد بھی مارے گئے۔ لیویز کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں گزشتہ شب نامعلوم دہشتگردوں نے دو مسافر بسوں کو روک کر تیس کے قریب مسافروں کو اغواء کرلیا تھا ۔دہشتگردوں نے قریبی پہاڑی میں لے جاکر اکیس مغویوں کو گولیاں مار کر قتل کردیاتھا۔ہفتہ کی صبح تلاش کے دوران باغات کے قریب ایک اور مغوی کی لاش برآمد کرلی گئی جس کے بعد واقعہ میں جاں بحق افراد کی تعداد بائیس ہوگئی۔مغوی کی شناخت افغانستان کے رہائشی بابا عمر کے نام سے ہوئی۔ واقعہ کے بعد لیویز اور ایف سی نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا جس کے دوران سرچ آپریشن دو ہیلی کاپٹروں کے علاوہ ایک ہزار سے زائد اہلکار وں نے حصہ لیا۔ مستونگ سے ملحقہ قلات اور بولان کی پہاڑیوں میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا۔وزیر داخلہ بلوچستان کے مطابق سرچ آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں سات دہشتگرد مارے گئے۔۔ آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیر افگن کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔