کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور، قلات ،کوہلو، تربت اوربولان میں ایف سی نے خفیہ اداروں اور لیویز کے ساتھ ملکر سرچ آپریشنز کئے جس میں کالعدم شدت پسند تنظیموں کے 14افراد ہلاک جبکہ آٹھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔فائرنگ کے تبادلے مییں دو ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ کارروائیوں میں دیسی ساختہ بم اوربڑی تعداد میں اسلحہ گولہ و بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئرکوربلوچستان نے حساس اداروں کی جانب سے خفیہ اطلاع پرپنجگورسے تقریباً90کلو میٹر دور پروم میں ایک مکان پر چھاپہ مارا جس کے دوران ایف سی اہلکاروں اور ملزمان کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے چار ملزمان کو ہلاک کردیا گیاجس میں کالعدم تنظیم کا ایک کمانڈر اسلم جینگو بھی شامل ہے۔ایف سی ترجمان ہلاک ملزمان کے قبضے سے خود ہتھیاراورگولہ برآمدکرلیا گیا۔برآمدہونے والے اسلحے میں 3عدد ایس ایم جی بمعہ270راؤنڈز،1عددتھورایا سیٹ،01عددپسٹل بمعہ04راؤنڈز،06عددموبائل فونز،12 عدد سمیں،1 عددآئی ای ڈی ریموٹ،3عددایس ایم جیز پوچز،2عددموٹرسائیکلیں اور1عددبی ایل ایف کا جھنڈاشامل ہیں۔ایف سی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان پنجگورکے نواحی علاقوں میں معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ، ایف ڈبلیو اوکے کیمپوں اورسکیورٹی فورسزپر حملے میں ملوث تھے۔اسی طرح قلات کے نواحی علاقے ہربوئی میں بھی ایف سی کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں9ملزمان مارے گئے جبکہ دو ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے ۔ ایف سی ترجمان کے مطابق حساس اداروں نے اطلاع دی تھی کہ ہربوئی میں بعض شرپسند پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی جانب سے گیس و تیل کی تلاش کے پراجیکٹ اور ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ اس اطلاع پر ایف سی نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا اور شرپسندوں کو گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین شرپسندمارے گئے جبکہ دو ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ آخری اطلاعات تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ۔ ایف سی کی مزید کمک مدد کیلئے علاقے کی طرف روانہ کردی گئی۔دریں اثناء فرنٹیئرکوربلوچستان نے کوہلو کے علاقے بوری میں خفیہ اطلاع پر شرپسندوں کیخلاف سرچ آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا ایک شرپسند مارا گیا جبکہ ایک کو موقع سے گرفتار کیا گیا۔ ہلاک اور گرفتار شرپسندوں کے قبضے سے خودکار ہتھیار برآمد کرلیے گئے۔واضح رہے کہ ہلاک و گرفتار شرپسند سرکاری تنصیبات کونقصان پہنچانے اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ایک اور کارروائی مکران ڈویژن کے ضلع کیچ میں کی گئی جس کے ہیڈ کوارٹر تربت سے پچاس کلو میٹر دور علاقے رود بن میں کی گئی جس کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں چھ ملزمان حنضلہ ، احسان، علی اکبر ،عبدالرحمان ، بہادر اور خالدکو گرفتار کیاگیا۔گرفتار ملزمان میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر بھی شامل ہے۔ کارروائی میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا جس میں 4عددسب مشین گنز بمعہ17میگزین اور533راؤنڈز،01عدد سنائپررائفل بمعہ 87 راؤنڈز ، 01 عددچینی ساختہ لائٹ مشین گن بمعہ 628راؤنڈز،2عدد دیسی ساختہ بم، ایک سنائپر سائٹ شامل ہیں ۔ایک عدد موٹر سائیکل ، ایک عد ڈبل کیبن گاڑی، چار موبائل فون بھی برآمد کئے گئے ۔دریں اثناء ضلع بولان ( کچھی ) کے علاقے سنی میں خفیہ اطلاع ملنے پر ایف سی اور لیویز نے عطاء محمد رند نامی شخص کے گھر پر چھاپہ ماراجس کے دوران ایک دہشتگرد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ اسلحہ میں ایک آر پی جی سیون راکٹ لانچر اور اس کے پانچ عدد گولے بمعہ فیوز،، ایک عدد کلاشنکوف بمعہ1540راؤنڈز،ایک عدد کلاکوفبمعہ189راؤنڈز، ایک عدد جی تھری رائفل بمعہ20راؤنڈز، ایک عدد 7ایم ایم رائفل ، ایک عدد سنگل بیریل رائفل ،ایک عدد بارہ بور ڈبل بیرل رائفل ،30بور رائفل کے 260رؤنڈز، ڈنگر رائفل بمعہ802راؤنڈز اور دو موٹر سائیکلیں شامل ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مکان میں اہم دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی تاہم فورسز کے پہنچنے سے وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ گرفتارملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ایف سی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے فرنٹیئر کور بلوچستان کی کامیاب کا رروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شرپسندوں کا ہر جگہ تعاقب کرکے کیفرِکردارتک پہنچایاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ معصوم انسانوں کی جانوں سے خون کی ہولی کھیلنے والے دہشتگردوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اورصوبے بھرمیں دہشتگردوں کیخلاف بلاتفریق کارروائیاں کی جائیں گی۔آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ شدت پسند اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے بدامنی پھیلا کر صوبے کے عوام کومشکلات اور عدم استحکام پیداکرنے کے درپے ہیں لیکن فرنٹےئرکور بلوچستان عوام کے تعاون سے شدت پسندوں اور دہشت گردوں کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دے گی۔