|

وقتِ اشاعت :   June 3 – 2015

اسلام آباد :  وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں،ہندوستان دہشتگردوں کی سرپرستی کررہا ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیر بنے گا پاکستان۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کشمیر پاکستان کا بنیادی مسئلہ ہے ۔ گزشتہ سال وزیراعظم نواز شریف نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں واشگاف الفاظ میں اعلان کیا تھا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ موجودہ حکومت نے کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں۔ بھارتی افواج کشمیریوں کے ساتھ ظلم کرتی ہیں، کشمیر میں پاکستان کا قومی پرچم لہرایا جانا اور قومی ترانہ پڑھایا جانا کشمیریوں کی پاکستان سے وابسطگی کا اظہار ہے ۔ ان کا کہنا تھاکہ بلوچستان میں ’’را‘‘ کے حوالے سے ملوث ہونے کے واضح شواہد موجود ہیں۔ بلوچستان میں نام نہاد لیڈر بھارتی پاسپورٹ پرسفر کرتے ہیں اور انہیں مالی معاونت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ایک سال سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابی حاصل کی۔ پاک افواج نے دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کا عزم کررکھا ہے دوسری جانب بھارت نے جان بوجھ کر پاکستانی سرحد پر کشیدگی بڑھا دی ہے تاکہ پاک فوج کی توجہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ سے ہٹ جائے۔