کوئٹہ: اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین وجمعیت علماء اسلام (ف)کے مرکزی رہنماء مولانامحمدخان شیرانی نے کہاہے کہ سانحہ مستونگ بلوچستان میں برادراقوام کودست وگریباں کرناچاہتے ہیں اس جیسے واقعات ملک اورقوم کیلئے نیک شگون نہیں دینی قو تیں کفری طاقتوں کے خلاف متحد ہوکر مدارس اور مسلمانوں کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے میں کردار ادا کریں ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعیت علماء اسلام ضلع زیارت کے سینئر رہنما مطیع اللہ تارن کی جانب سے دئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پراپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی مولانا عبدالواسع،سابق صوبائی وزیر جنگلات مولانا عبدالصمد اخندزادہ،دلاور خان کاکڑ ،حاجی عبدالصادق نورزئی،حاجی محمد حنیف کاکڑ اور دیگر بھی موجود تھے مولانا محمد خان شیرانی نے کہاکہ سانحہ مستونگ بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے سانحہ مستونگ جیسے واقعات ملک اور قوم کے لیے نیک شگون نہیں،غیر ملکی طاقتیں بلوچستان کے عوام کو دست وگریبان کرنا چاہتی ہے ،سازش کے تحت حالات خراب کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا مقتدر قوتیں بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے میں کردار ادا کریں اور عوام کے مسائل حل کریں ۔انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں دینی مدارس دینی علوم کی ترویج میں بھر پور کردار ادا کررہے ہیں کفری طاقتیں مدارس کیخلاف زہر افشانی کرکے مدارس کو بدنام کرنا چاہتے ہیں،دینی قو تیں کفری طاقتوں کے خلاف متحد ہوکر مدارس اور مسلمانوں کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے میں کردار ادا کریں۔تقریب سے اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی مولانا عبدالواسع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مستونگ برادر اقوام کو دست وگریبان کرنے کی سازش ہے،سانحہ مستونگ بلوچستان حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے ،حکومت عوام کے تحفظ کے لیے کردار ادا کریں اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کریں ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں رہ کر بھی عوام کے مسائل حل کررہے ہیں عوام کے مسائل اقتدار کے بغیر بھی حل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہود ونصاریٰ کے گٹھ جوڑنے اسلام کو مٹانے کے لیے سازشوں کا جال بچھا دیا ہے اور دینی مدارس انکے خاص نشانہ ہیں دینی مدارس اور علماء حق ہی مغربی استعمار کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔تقریب سے سابق صوبائی وزیر مولانا عبد الصمد اخندزادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سانحہ مستونگ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں اور بلوچستان میں امن وامان کا قیام یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ مولانا محمد خان شیرانی ،مولانا عبدالواسع کا دورہ زیارت کے عوا م کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔پروگرام کے آخر میں مطیع اللہ تارن نے قائدین کا شکریہ ادا کیا۔