کوئٹہ: نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی کے وفد نے ایف سی ہیڈ کوارٹرکا دورہ کیا اور آئی جی فرنٹےئر کور بلوچستان میجرجنرل شیرافگن سے ملاقات کی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی کے سینئرمینجمنٹ گروپ کے17رکنی وفد نے ہیڈ کوارٹر فرنٹےئر کور بلوچستان کا دورہ کیا ۔ایف سی ہیڈکوارٹر میں لیفٹیننٹ کرنل عزیزاحمدنے وفد کو بلوچستان کے حالات اور فرنٹےئر کور بلوچستان کی کارکردگی پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فرنٹےئر کور صوبے کی طویل سرحدوں کی نگرانی ،قومی تنصیبات کی حفاظت ،غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ عوام کی جان و مال کی حفاظت پر مامور ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں بلوچستان کے عوام کی دکھ درد میں برابر کے شریک ہے۔قدرتی آفات ،سیلاب ،زلزلہ یا دہشت گردی کے واقعات میں فرنٹےئر کور نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عوام کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے اور دہشتگردوں کی سرکوبی اور بیخ کنی میں اپنی قیمتی جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں۔وفدسے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے کہا کہ بلوچستان بے پناہ قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے ۔اس لیئے بعض بین الاقوامی طاقتیں اس پر حریصانہ نظر رکھے ہوئے ہیں اور بلوچستان کواپنی سازشوں کاگڑھ بنارکھاہے۔نادیدہ قوتیں بیرونی ایجنڈے پر عمل پیراملک دشمن عناصرکے ساتھ ملکر یہاں پربدامنی اور عدم استحکام پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ پاکستانی عوام یہاں کے وسائل سے استفادہ حاصل نہ کرسکیں لیکن فرنٹیئرکوربلوچستان عوام کے تعاون سے دہشتگردوں اورنادیدہ قوتوں کا یہ خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہونے دیگی۔وفد نے بلوچستان میں فرنٹےئرکورکے گراں قدرخدمات اورقربانیوں کوسراہا اورفرنٹےئرکورکی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کے عوام کیلئے خاص طورپرمحبت،خلوص اورامن کا پیغام لے کرآئے ہیں۔آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے وفدکاہیڈکوارٹرایف سی کے دورے پرشکریہ اداکیا۔
بین الاقوامی طاقتوں کی نظریں بلوچستان کے وسائل پر ہیں، آئی جی ایف سی
وقتِ اشاعت : June 4 – 2015