|

وقتِ اشاعت :   June 9 – 2015

کوئٹہ: اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے سابق امیر مولانا محمد خان شیرانی جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے امیر و سابق صوبائی وزیر مولانا فیض محمد جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی نائب امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا قمرالدین کی اسلام آباد میں ملاقات ۔ جے یوآئی رہنماؤں کو جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء حافظ طلحہ قمرمردوئی نے پُرتکلف ناشتہ دیا۔ اس موقع پر مولانا محمد خان شیرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام ملکی سیاست میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیگی ۔ ملکی تاریخ گواہ ہے کہ ملک و قوم پر جب بھی کوئی مشکل مرحلہ آیا تو جے یوآئی کے اکابرین اور کارکنوں نے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے بحران اور ملّت کو مسائل سے نکالنے کے لئے صف اوّل کا کردار ادا کرتے رہے ہیں ۔ سب کا مقطع نظر ملک کی سلامتی خوشحالی ہونی چاہئے ۔ اس وقت ملک یقیناًبحرانوں کا شکار ہے ملک دشمن عناصر چاہتے ہیں کہ وطن عزیز عدم استحکام کا شکار رہے ملکی معیشت زوال پذیر ہو لیکن قومی قیادت مدبرانہ فیصلوں اور دانشمندی اور سیاسی بصیرت کے تحت ایسے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے متحد اور سیسہ پلائی دیوار بن کر ہر صورت میں ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھنے چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ گوادر کاشغر کوری ڈور ایک عظیم منصوبہ ہے جو ملکی معیشت کو استحکام دینے اور ملک کے مستقبل کو روشن کرنے کے لئے ایک سہارا ہے جسے ملکر سب کو کامیاب کرناچاہئے ۔ ایم این اے مولانا قمرالدین اور جے یوآئی بلوچستان کے امیر مولانا فیض محمد نے کہاکہ حکومت بلوچستان کے مسائل کی طرف خصوصی توجہ مرکوز کریں اور وہاں امن وامان کے مسائل کے ساتھ ساتھ ترقیاتی پیکج کا اعلان کردیں اس وقت بلوچستان کے عوام بدحالی اور غربت کی زندگی گزاررہے ہیں وعدے بہت کئے گئے لیکن اس وقت بھی بلوچستان مسائل کا شکار ہے ۔ عوام کا دل جیتنے کے لئے وہاں کے لوگوں کور روزگار دیا جائے اور ان کی پسماندگی ختم کی جائے ۔ملاقات کے دوران تینوں رہنماؤں نے برماروہنگیا کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی بھی مذمت کی اور اقوام متحد ہ کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ برماکے مسلمانوں کی بے بسی اور ان پر ہونے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لیں ۔