کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع صحبت پور ، پنجگور اور کچھی میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت چار ارکان کو ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کرلیا ۔ایک ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔ ہلاک و گرفتار ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ایف سی کے مطابق اوچ سے ملحقہ ضلع صحبت پور کے علاقے ورنا میں گوٹھ حاجی اجمل خان بگٹی کے مقام پر سرچ آپریشن کیا جس کے دوران ایف سی اہلکاروں اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دو طرفہ فائرنگ میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ ایک ایف سی اہلکار سپاہی ظہیر بھی زخمی ہوا جسے ونگ ہیڈ کوارٹر اوچ پہنچایا گیا۔ سپاہی کو ایک گولی دائیں بازو پر لگی ۔ ایف سی ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان میں تین کی شناخت کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی کے کمانڈر ڈالو سندرانی بگٹی ، رحیم عرف رحیم ولد حادو سندرانی بگٹی ، مولا بخش ولد حضور بخش سندرانی بگٹی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ایف سی ترجمان نے سرچ آپریشن میں صرف دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ ہلاک افرادسیکورٹی فورسز ، گیس پائپ لائن اور ٹرینوں پر حملوں اور بھتہ خوری میں ملوث تھے۔ ملزمان سے دو کلاشنکوف بمعہ سات عدد میگزین اور65 راؤنڈز اور ایک عدد موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ دریں اثناء پنجگور کے علاقے چتکان میں ایف سی نے دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ خفیہ اطلاع ملنے پر سرچ آپریشن کیا ۔ کارروائی میں ایک مکان سے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول بمعہ دو میگزین اور بارہ عدد راؤنڈز، 384شناختی کارڈ، ایک دوربین، ایک خنجر، ایک پسٹول، دو اسلحہ لائنس ، ایک لیپ ٹاپ ، ایک موبائل، ایک ڈرائیورنگ لائسنس اور ایک گاڑی برآمد کی گئی ۔ ایف سی ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ ادھر ضلع کچھی کے علاقے ڈھاڈر کے قریب کولاند لائی میں ایف سی نے مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سر چ آپریشن کیا اور ملزمان کی ٹھکانوں پر 14مارٹر گولے داغے تاہم آپریشن میں کسی ہلاکت یا گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔