|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2015

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پشتون آباد میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ ، آئی جی پولیس اور سی سی پی او سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے جبکہ انہوں نے پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں کی جانب سے کئے جانے والے حملوں کی روک تھام اور ان میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ میں پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران شہادت پانے والے یہ پولیس اہلکار ہمارے ہیرو ہیں اور دہشت گرد عناصر بزدلانہ کاروائیوں کے ذریعے ہماری بہادر سیکورٹی فورسز کے حوصلہ پست نہیں کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں گذشتہ چند روز سے رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعات یقیناًباعث تشویش ہیں اور ان کی روک تھام کیلئے شہر کے سیکورٹی پلان کو مزید موثر اور مربوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے بیرونی آقاؤں کے اشارے پر بلوچستان میں وامن امان کی صورتحال خراب کرکے دہشت کی فضاء قائم کرنا چاہتے ہیں تاہم ہم عوام کی تائید وحمایت سے ان کے مذموم اور ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت اور عزم رکھتے ہیں وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں امن وامان کے قیام کیلئے سیکورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لیکر رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے یہ عظیم صدمہ صبروہمت سے برداشت کرنے کی دعا کی ہے۔