|

وقتِ اشاعت :   June 13 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ سے سیکورٹی فورسز نے کالعد م تنظیم سے تعلق کے شبے میں چھ افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ کوہلو میں فضائی اور زمینی کارروائی میں کالعدم تنظیموں کے متعدد کیمپ تباہ کردیئے گئے ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق کے مابق ضلع کیچ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرتربت سے45کلو میٹر دور ناصر آباد میں حساس ادارے ،ایف سی مکران اسکاؤٹس اور ایف سی کی سپیشل آپریشن ونگ کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کی جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔نور بخش ، مقبول اور جلال کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا۔ضلع کیچ ہی میں بلیدہ سے راشن لے کر کرکی چیک پوسٹ جانے والی ایف سی کے کانوائے پر میناز کے مقام پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا ۔ ایف سی کی جوابی کارروائی کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ چار موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان کا تعاقب کرتے ہوئے ریکو کے مقام پر کالعدم تنظیم کے ایک رکن سعید اور دو مشتبہ افراد نور بخش اور نصرام کو گرفتار کیا گیا ۔ ملزم سعید سے ایک کلاشنکوف ، تین عدد میگزین اور پینتالیس گولیاں بھی برآمد کی گئی۔ دوسری جانب ضلع کوہلو میں کالعدم علیحدگی پسند تنظیموں کے کیمپوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر حصہ لیا۔ سرچ آپریشن میں ایف سی ، ایف سی سپیشل آپریشن ونگ ، حساس اداروں کے علاوہ پاک فضائیہ نے بھی حصہ لیا ۔ پاک فضائیہ کے کوبرا ہیلی کاپٹروں سمیت مجموعی طور پر 9ہیلی کاپٹروں نے کاہان، مائی دربار، نساؤ اور سیاہ کوہ کے مقامات پر کالعدم تنظیموں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے مشتبہ ٹھکانوں پر بمباری کی اور انہیں تباہ کردیا۔بعد ازاں زمینی کارروائی بھی کی گئی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ بعض ذرائع کے مطابق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے کمانڈر فضلی کی گرفتاری اور ہتھیار ڈالنے کی اطلاعات گردش کررہی ہیں تاہم سیکورٹی فورسز نے اس کی تصدیق نہیں کی۔