|

وقتِ اشاعت :   June 13 – 2015

کوئٹہ: کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اور دستی بم حملے میں دو بھائیوں سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔جبکہ سریاب میں گھر پر دستی بم حملے سے ایک بچہ زخمی ہوگیا پولیس کے مطابق پہلا واقعہ منو جان روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے حجام کی دکان میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں محمد رفیق اور اس کا بھائی محمد لطیف ولد محمد شفیق بھٹی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا پولیس کے مطابق مرنے والے دونوں بھائی ہیں جن کا تعلق پنجاب کے علاقے مظفر گڑھ سے ہے ۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کر دی پولیس کے مطابق ملزمان نے چہرے نقاب سے چھپائے ہوئے تھے اور پیدل فرار ہو گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں بھائی اٹھارہ سال سے کوئٹہ میں مقیم تھے ۔ فائرنگ کا دوسرا واقعہ مشرقی بائی پاس علی زئی ٹاؤن میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پراپرٹی ڈیلر حاجی رحمت اللہ علیزئی ولد حاجی فیض اللہ کو گھر کے سامنے گولیاں مار کر قتل کر دیا اور فرار ہو گئے لاش سول ہسپتال لائی گئی ڈاکٹروں کے مطابق مقتول کو سینے اور سر میں تین گولیاں ماری گئیں ۔ٹارگٹ کلنگ کا تیسرا واقعہ ڈبل روڈ پر چمڑا گلی میں پیش آیا جہاں نامعلوم ٹارگٹ کلرز نے چاچا ویلڈنگ اینڈ اسٹیل اسٹور پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو افراد محمد محسن نواز ولد رب نواز سکنہ راجن پور پنجاب جبکہ محمد نعیم ولد محمد اکرم راجا سکنہ ساہیوال جاں بحق جبکہ چار افراد سلمان ولد محمد اقبال مغل ، محمد جنید ولد حاجی رجب قریشی ،رسول بخش ولد عبدالنبی مینگل ، محمد ارشد ولد عبدالطیف آرائیں سکنہ ساہیوال زخمی ہو گئے ۔لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ ڈاکٹر کے مطابق مقتولین کو سر ، سینے اور جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں ماری گئی ہیں جبکہ زخمیوں میں محمد ارشد کی حالت سر اور سینے پر گولیاں لگنے کے باعث تشویشناک ہے ، انہیں مزید علاج کیلئے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔ سول اسپتال میں زخمی محمد جنید نے بتایا کہ وہ ویلڈنگ کی دکان میں بیٹھا تھا کہ دکان کے باہراچانک فائرنگ شروع ہوئی ، میں باہر نکلا تو میرے استاد کو گولیاں لگی ہوئی تھیں، حملہ آوروں نے مجھ پر بھی فائرنگ کی تو میں نے بھاگ کر جان بچھائی، گولی لگنے کے باوجود میں رکا نہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کئے ۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے سات خول بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ ایس ایس پی آپریشن اعتزاز گورایا نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کے واقعات ٹارگٹ کلنگ تھے، ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے ،حالیہ واقعات کے ذمہ داروں کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ تمام واقعات میں ایک ہی گروہ ملوث نہیں ہے ، پشتون آباد واقعہ کے بعد سرچ آپریشن میں درجنوں مشتبہ افراد پکڑے گئے ہیں جن میں کچھ افراد کا تعلق دہشتگردی سے تھا اور ان سے ہتھیار بھی ملے ہیں، پولیس کو کامیابیاں مل رہ ی ہیں انہوں نے کہا کہ اگر ایک گروہ کے کچھ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جائے تو باقی ماندہ رہ جانے والے بد امنی کے ایجنڈے کو آگے لے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تحفظ کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا ر ہے ہیں۔ ادھر کوئٹہ کے پولیس تھانہ کیچی بیگ کی حدود میں واپڈا گرڈ اسٹیشن کے قریب کلی بنگلزئی میں نامعلوم افراد نے جاوید نامی آباد کار کے گھر پر دستی بم حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک بچہ زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ۔