|

وقتِ اشاعت :   June 18 – 2015

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت صوبے کے عوام کو ضروری سہولتوں کی فراہمی کا نہ صرف عزم رکھتی ہے بلکہ اس کیلئے بھرپور اقدامات بھی کررہی ہے اس ضمن میں نجی شعبہ کے تعاون کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ائر عریبیہ کی شارجہ کوئٹہ کی افتتاحی پرواز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنے معدنی و دیگر وسائل اور منفرد جغرافیائی محل و وقوع کے حوالے سے بلوچستان اہم خطہ ہے جہاں بیرونی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور بین الاقوامی پروازوں کے آغاز اور اضافے سے یقیناان مواقعوں میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے مثالی ماحول کے قیام کو ممکن بنارہی ہے جبکہ سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات اور ہر قسم کا تحفظ فراہم کیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ائرعریبیہ کی پروازوں کے ذریعہ صوبے کے عوام کو سفر کی بہتر سہولت ملے گی۔جبکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ائر پورٹ پر تعینات متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ مسافروں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے بہتر انتظامات یقینی بنائیں کیونکہ پروازوں کی کامیابی کا انحصار مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں پر ہوتا ہے صوبائی حکومت اس ضمن میں ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے۔ وزیراعلیٰ نے پروازوں کے آغاز کو اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے ہوائی کمپنی کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ فلائٹس عوام کی توقعات پر پورا اتریں گی اس سے سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ بیرون ملک تاجروں کےئے یہ سروس نیک شگون ثابت ہوگی۔ رکن صوبائی اسمبلی نصر اﷲ زیرے نے بھی اس ائر سروس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے صوبائی حکومت نے نہ صرف ممکن بنایا بلکہ اس کی کامیابی کیلئے بھی کوشاں ہے۔ انہوں نے مسافروں کی سہولیات پر زور دیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان نے ائر عریبیہ کی پہلی پرواز کی آمد پر افتتاحی کیک کاٹا اورکریو ممبران کو مبارکباد دی۔