|

وقتِ اشاعت :   June 18 – 2015

کوئٹہ: قومی احتساب بیورو بلوچستان نے فراڈ اور دھوکہ دہی سے ہتھیائی گئی رقم وصول کرکے چیک ارسلان ہاؤسنگ اسکیم فیر4-5کے متاثرین میں تقسیم کردیے۔ نیب بلوچستان میں منعقد ہ ایک تقریب کے دوران ڈائریکٹر جنرل بلوچستان میجر ریٹائرڈ طارق محمود ملک نے رقوم کی وصولی کے بعد مذکورہ رقوم کے چیک ارسلان ہاؤسنگ اسیکم فیز4-5کے متا ثرین کے حوالے کیے۔ درخواست گزاران مشتاق احمد قریشی ، رفیق احمد ، محمد حنیف صدیقی اور انیس علی صدیقی نے درخواست کے ذریعے نیب بلوچستان سے استدعا کی کہ ارسلان ہاؤسنگ اسکیم کے مالک ناصر حیدر نے فیز4-5میں پلاٹس کی تمام اقساط کی وصولی کے بعد بھی مذکورہ پلاٹ اُن کے حوالے نہیں کیے۔ ارسلان پاؤسنگ اسکیم کے مالک ناصر حیدر نے لوگوں کو پلاٹس کی فراہمی کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے لئے ملزم ناصرحیدر نے کیو ڈی اے اور کنٹونمنٹ سے این او سی لیے بغیر غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیم ارسلان ہاؤسنگ اسکیم( کچھ موڑ) کے نام سے شروع کی جس میں لوگوں نے اپنی محنت کی کمائی اُس کے حوالے کی۔ مذکورہ ملزم بعدازاں پلاٹس کی مد میں وصول کی گئی رقم کی واپسی سے انکاری تھااور متاثرین سے ٹال مٹول کرتا رہا۔ نیب نے تحقیقات مکمل کرکے ملزم ناصر حیدر سے متاثرین کی لاکھوں روپے کی رقم وصول کرکے اُن کے حوالے کردی۔ اس موقع پر ڈی جی نیب بلوچستان نے کہا نیب صوبے میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مروجہ ریگولیٹری طریقہ کا ر اور نظام کو بہتر اور مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا کیونکہ بہتر سہولیات سے آراستہ ہاؤسنگ اسکیمز کی صوبے میں اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بدعنوانی اور بدعنوان عناصر کے خلاف شعور اور آگاہی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کا قومی فریضہ ہے کہ وہ اس عفریت کے خلاف عملی کردار ادا کریں۔