|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مسافر ویگن اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں14افراد جاں بحق اور 7شدید زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں بیشتر کا تعلق قلات کی تحصیل خالق آباد منگچر سے ہے ،دو سگے بھائی اورویگن ڈرائیور بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو مستونگ اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کھڈ کوچہ اسماعیل ابراہیم کے مطابق خونی حادثہ جمعرات کی دوپہر کوئٹہ سے پینتالیس کلو میٹر دور ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مدینہ ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر ویگن اور مزدا ٹرک میں خوفناک تصادم ہوا۔ مسافر ویگن رجسٹریشن نمبر AF5644قلات کی تحصیل خالق آباد منگچر سے مسافروں کو لے کر کوئٹہ جارہی تھی جبکہ پھلوں سے لدا مزدا ٹرک قلات کی طرف جارہا تھا ۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ ویگن کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ جبکہ مزدا ٹرک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ حادثے میں ویگن میں سوار 12افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2افراد نے اسپتال میں دم توڑا ۔ سات افراد شدید زخمی بھی ہوئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویز اوردیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے زخمی اور جاں بحق افراد کو مستونگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اور نواب غوث بخش میموریل اسپتال پہنچایا جہاں ایمر جنسی نافذ کردی گئی۔لیویز کے مطابق جاں بحق افراد میں ویگن ڈرائیور اور کلینر بھی شامل ہیں۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ لیویز کے مطابق 13افراد کی لاشیں مستونگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اور ایک لاش کوئٹہ کے بولان میڈیکل اسپتال پہنچائی گئی۔ تین زخمیوں کو نواب غوث بخش میموریل اسپتال مستونگ اور چارزخمیوں کو بولان میڈیکل اسپتال کوئٹہ پہنچایا گیا ۔مستونگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں پڑی 13میں سے 12 افراد کی شناخت ہوگئی ۔ ان میں ڈرائیور غلام رسول ولد غلام سرور لانگو سکنہ منگچرضلع قلات ،میر قلم ولد میر احمد لانگو منگچر،جاوید احمد ولد نور محمد لانگو سکنہ قلات، محمد ابراہیم ولد حاجی محمد شفاع لانگو سکنہ منگچر، عبدالباری ولد محمد شفاع لانگو سکنہ منگچر، محمد علی ولد حاصل خان لانگوسکنہ منگچر ،نصیب اللہ ولد حبیب اللہ لانگو سکنہ منگچر،عبدالغنی ولد شکر خان لانگو سکنہ منگچر،راوت خان ولد مہراللہ محمد شہی سکنہ کوئٹہ ،اللہ بخش ولد دین محمد جتوئی سکنہ سنی بولان ،غلام نبی ولد دل مراد سرمستانی سکنہ کوئٹہ اورگلزار خان ولد سعداللہ شامل ہیں۔ بولان میڈیکل اسپتال لائی گئی لاش کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے جبکہ بی ایم سی لائے گئے چارزخمیوں میں15 سالہ سجاد احمد ولد گل محمد لانگو کے دائیں ہاتھ اور ٹانگ پر زخم آئے ہیں جبکہ 22سالہ نذیر احمد ولد محمد قاسم مری سکنہ مستونگ کے دونوں پاؤں ٹوٹ گئے ہیں ۔ 30سالہ زاہد شاہ ولد محمود شاہ سید سکنہ پڑنگ آباد مستونگ کے سینے، سر ، ہاتھ اور پاؤں پر جبکہ 38سالہ سلمیٰ زوجہ خیر بخش مینگل سکنہ بکرا منڈی مشرقی بائی پاس کے دائیں بازو اور بائیں پاؤں پر زخم آئے ہیں۔ شوکت علی ولد نور محمد لانگو سکنہ سریاب کوئٹہ، مہراللہ ولد ہزار خان لانگو سکنہ منگچر اور بی بی شاہدہ زوجہ زاہد شاہ نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر قلات صلاح الدین نورزئی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر خالق آباد منگچر بھی جائے حادثہ پہنچے ۔ انہوں نے مستونگ کے اسپتالوں میں زخمیوں کی بھی عیادت کی ۔ دریں اثناء ضلع لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل میں تیز رفتار کار قابو ہوکر ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں چار افراد ڈرائیور جاوید، ایوب ، محمد یوسف اور فقیر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اوتھل کے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔