کوئٹہ: وفاقی حکومت نے بلوچستان میں کام کرنیوالی تمام غیرسرکاری تنظیموں کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کرلیا صوبائی حکومت سے غیرسرکاری تنظیموں کی تفصیلات طلب کرلیں ۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر صوبائی ھکومت نے صوبے میں کام کرنیوالی تمام غیرسرکاری تنظیموں کی تفصیلات جمع کرنا شروع کردی ہیں ،، بلوچستان کے محکمہ سماجی بہبود کے تحت صوبے میں ایک ہزار450این جی اوز رجسٹرڈ ہیں، محکمے نے دو ماہ قبل صوبے کی تمام این جی اوز کو دوبارہ تصدیق کا نوٹس دیا تھا لیکن اب تک صرف پچاس کے لگ بھگ این جی اوز نے محکمے سے دوبارہ تصدیق کرائی جبکہ 1400این جی اوز نے تصدیق ہی نہیں کرائی ہے جن کو محکمے کی جانب سے آخری نوٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ صنعت و حرفت میں ایک ہزار226این جی اوز رجسٹرڈ ہیں، محکمہ کے ذرائع کے مطابق ان میں سے صرف چالیس فیصد این جی اوز فعال ہیں جو زیادہ تر تعلیم کے شعبے میں کام کررہی ہیں ،صوبے میں کام کرنے والے غیر ملکی این جی اوز محکمہ پی این ڈی کے اکنامک افیر کو رپورٹ کرتی ہیں۔