|

وقتِ اشاعت :   June 29 – 2015

تربت: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ ہمیں اقتدار کسی نے پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیا‘نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے انتخابات سرپر کفن باندھ کر جیتے ہیں‘بلوچ وبلوچستان کے حقوق اور قومی مفادات پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ‘ ساحل وسائل کاتحفظ قومی ذمہ داری ہے ‘ گوادر کے مقامی لوگوں کے مفادات کے تحفظ کویقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جار ہے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے تربت میں نیشنل پارٹی کیچ کے ضلعی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ‘ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان جان محمدبلیدی ‘ نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میرمحمد اکرم دشتی ‘ میونسپل کارپوریشن تربت کے چےئرمین قاضی غلام رسول بلوچ ‘ واجہ ابوالحسن بلوچ ‘ محمد جان دشتی ‘ ضلع کیچ کے صدر محمدطاہربلوچ سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں اورکارکنوں نے شرکت کی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ اقتدارہمیں کسی نے تحفے میں نہیں دیاہے اسے حاصل کرنے کیلئے نیشنل پارٹی کے کارکنوں اور ووٹرزنے بھرپور قربانیاں دی ہیں کارکنوں نے بندوقوں کے سائے تلے اورسرپر کفن باندھ کر الیکشن انتخابات میں حصہ لیاہے لیکن پھربھی ہماری 2سیٹوں پر دھاندلی کے ذریعے ہماری جیت کوشکست میں تبدیل کردیاگیا انہوں نے کہاکہ قومی مفادات پرکسی قسم کا سمجھوتہ نیں کرینگے اور ساحل وسائل کے تحفظ کویقینی بنائیں گے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریکوڈک میں ثمرمبارک مند کے پروجیکٹ کوبندکرنا آسان کام نہیں تھا اورنہ گوادر وپسنی کے غیرقانونی سٹلمنٹ کو منسوخ کرنا کوئی بچوں کاکھیل ہے چونکہ یہ ہماری قومی ذمہ داریوں میں شمارہوتے ہیں اورنیشنل پارٹی کی واضح انتخابی پالیسی تھی کہ گوادر وپسنی کی غیرقانونی سٹلمنٹ کومنسوخ کیاجائے اور ریکوڈک منصوبے کومحفوظ بنایا جائے ‘ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ ساحل اوروسائل کے تحفظ کے لیے بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں کی بھی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ سیاسی اسکورنگ کے بجائے اس طرح کے قومی حقوق ساحل وسائل کے تحفظ کیلئے ہونے والے حکومتی اقدامات کی بھرپور سپورٹ کریں انہوں نے کہاکہ پسنی کے علاوہ زباد ڈن اور چاتانی بل موضع میں بھی غیرمقامیوں کو اراضیات الاٹ کئے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے قومی ایجنڈے میں ریکوڈک ‘ گوادر اور مردم شماری انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ایسے قومی وسیاسی معاملات پر کبھی بھی کمپرومائز نہیں کیاجائے گا ‘ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ پاک چین کوریڈور کے بعد گوادر زیادہ اہمیت اختیارکرگیاہے یہاں کی آبادی کو اقلیت میں تبدیل ہونے سے بچانے کیلئے قانون سازی کریں گے اوریہ بھی قانون سازی کی جائے گی کہ یہاں کے مقامی لوگوں کے روزگار کوتحفظ ہو اورباہر سے آنے والوں کو اس بات کاپابند کیاجائے کہ وہ کاروبارمیں یہاں کے مقامی لوگوں کو اپنے ساتھ شریک رکھیں ‘ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ حالیہ بجٹ میں بہت سے اہم پروجیکٹ شامل کردئیے گئے ہیں تربت میگاسٹی پروجیکٹ میں کام کی رفتارکوتیز کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ بلیدہ میں گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کیلئے 52کروڑروپے رکھے گئے ہیں اورناصر آباد وکلاتک کیلئے بجلی کی الگ فیڈرنکالیں گے ‘تعلیم ‘صحت اور انفراسٹرکچر ہماری ترجیحات میں شامل ہیں انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زوردیاکہ وہ آپس کے اختلافات کوختم کرتے ہوئے اپنے قومی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پارٹی کوعوام میں مزید وسعت دیں انہوں نے کہاکہ پارٹی اب مکران سے نکل کر بلوچستان اورملکی سطح پر جا پہنچی ہے ، اجلاس سے صوبائی صدر میرمحمد اکرم دشتی اور قاضی غلام رسول بلوچ نے بھی خطاب کیا