|

وقتِ اشاعت :   July 7 – 2015

اسلام آباد :  وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بلوچ علیحدگی پسند تنظیموں کو بھارت کی حمایت حاصل ہے، پاکستان کی دفاعی صلاحیت انتہائی مضبوط ہے، نیوکلیئر آپشن محض دکھانے کیلئے نہیں، دعا کریں ایسا وقت نہ آئے کہ ہمیں ایٹمی ہتھیار استعمال کرنا پڑیں، تحریک طالبان پاکستان کو بھارتی مدد کے شواہد عالمی فورم پر دکھائے ہیں۔ وہ پیر کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی شکل میں بھی پراکسی وار جاری رکھے ہوئے ہے، دہشت گردی بالواسطہ ہو یا بلاواسطہ سب بھارت کی پاکستان میں پراکسی وار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بلوچ علیحدگی پسند تنظیموں کو بھی بھارت کی حمایت حاصل ہے، تحریک طالبان پاکستان کو بھی بھارتی مدد کے شواہد عالمی فورم پر دکھائے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ایم کیو ایم بھارت گٹھ جوڑ کے شواہد ملے تو وہ بھی عالمی فورم پر پیش کریں گے، پاکستان کی دفاعی صلاحیت انتہائی مضبوط ہے، جس میں موجود نیو کلیر آپشن بھی پاکستان کے پاس موجود ہے لیکن دعا کرنی چاہیے کہ ایسا وقت کبھی نہ آئے کہ ہمیں ایٹمی ہتھیار استعمال کرنا پڑیں۔