اسلام آباد : پاکستان میں چینی سفیرسن ویڈونگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں ،چین پاک چائنہ اقتصادی راہداری کی جلدتکمیل اور دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔جمعرات کو چینی سفیر نے عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور حاجی محمد عدیل کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین اور پاکستان کی دوستی نہایت گہری اور قدیم ہے، یہ دوستی نہ صرف دونوں حکومتوں بلکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان بھی ہے، چین اس وقت پاکستان کے کئی ترقیاتی کاموں میں نہ صرف پاکستان کی مدد کر رہا ہے بلکہ چین پاکستان کی ترقی میں عملی کردار ادا کر رہا ہے، اس ضمن میں خنجراب سے لے کر ناران تک شاہراہ ریشم کی دوبارہ تعمیر اور وسعت پر عملی کام ہو رہا ہے، گلگت میں اس وقت عطاء آباد کے بننے سے دونوں ملکوں کے سامان کی آمدورفت میں جو مشکلات پیدا ہو ئی ہیں انہیں دور کرنے کیلئے ایک بائی پاس ٹنل پر کام تکمیل کے مراحل میں ہے۔انھوں نے کہاکہ گوادر پورٹ جو کہ چینی تعاون سے بنایا گیا تھا اب اس کی روانگی کیلئے چینی کمپنی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف چینی حکومت ہر سطح پر تعاون کر رہی ہے اور پاکستان بھی چین کے مسلم علاقے میں مذہبی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان پورا تعاون کر رہا ہے۔ چینی سفیر کا کہنا تھاکہ کاشغر کے علاقے میں مسلمانوں پر روزہ رکھنے پر پابندی نہیں لگائی گئی اس حوالے سے غلط پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ چین میں کاشغر کے علاقے میں مسلمانوں پر روزہ رکھنے پر پابندی لگا دی ہے۔ سینیٹر حاجی محمد عدیل نے کہا کہ چونکہ چین مسلمان ملکوں کا دوست ہے اس لئے ایسی ایک تردید چینی حکومت کی طرف سے آنی چاہیے۔ چینی سفیر نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے جو لوگ بے گھر ہوئے ہیں ان کے بچوں کی تعلیم کیلئے چینی حکومت گرانٹ دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاک چائنہ راہداری کی جلدی تعمیل کیلئے چین بھرپور تعاون کر رہا ہے اور حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ویسٹرن روٹ پر خیبرپختونخواہ، قبائلی علاقے اور بلوچستان کے لوگوں کی خواہش کے مطابق جلد از جلد کام شروع کرے اور وزیر اعظم پاکستان کی نگرانی میں جو آل پارٹیز کانفرنس ہوئی اس کے مطابق مغربی سڑک کیلئے مناسب فنڈ مہیا کیا جائے اس ضمن میں چین اپنا بھرپور تعاون کر رہا ہے۔