کوئٹہ: کوئٹہ میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔ پولیس نے بس اڈے کے قریب سے پانچ کلو وزنی بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیا۔ پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح تقریبا آٹھ بجے کوئٹہ کے علاقے شہید عبدالمنصور کاکڑ روڈ (سرکلر روڈ پر) پر لیاقت پارک کے سامنے لوکل بس اڈے کے قریب نالے میں ایک مشکوک ڈبہ دیکھ کر پولیس اہلکار نے پولیس کنٹرول کو اطلاع دی جس پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بلایا گیا۔ معائنہ کرنے پر پتہ چلا کہ گھی کے پانچ کلو وزنی پلاسٹک کے کین میں دیسی ساختہ بم رکھا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم کو ناکارہ بناکر سول لائن پولیس تھانے کے عملے کے حوالے کردیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے پانچ کلو وزنی گھی کے کین میں دیسی ساختہ بم چھپا رکھا تھا اور کین کو رومال کے ساتھ باندھ کر گرائمر اسکول والی دیوار کے ساتھ گندے پانی کے نالے میں چھپا رکھا تھا۔ بم ساڑھے چار سے پانچ کلو وزنی تھا اور اسے ریموٹ کنٹرول سسٹم سے منسلک کیا گیا تھا۔ دیسی ساختہ بم کے ساتھ دو عدد بارہ وولٹ کی بیٹریاں، دو سے تین میٹر پرائما کارڈ اور نٹ بولٹ بھی برآمد کئے گئے۔ پولیس کے مطابق بس اڈے پر سمنگلی، نواں کلی ، بلیلی اور دیگر علاقوں کی بسیں کھڑی ہوتی اور یہاں ہر وقت رش لگا رہتا ہے۔ نامعلوم دہشتگرد ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے عوام شہریوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ کوئٹہ میں پانچ جولائی اور دس جولائی کو بھی میزان چوک اور زرغون روڈ کے عوامی مقامات پر دھماکے کئے گئے تھے جس میں دو افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہوئے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس عبدالرزاق چیمہ نے اطلاع دینے والے بس اڈے کے قریب بم کی موجودگی کی اطلاع دینے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر عمران کیلئے پانچ ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سند دینے کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثناء بلوچستان کے ضلع ہرنائی اور قلات میں ایف سی نے مختلف کارروائیوں کے دوران قائداعظم ریزیڈ نسی پر حملے میں ملوث ایک ملزم سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ایف سی لورالالئی سکاؤٹس اور حساس ادارے نے ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران قائداعظم ریزیڈنسی پر حملے میں مطلوب ایک ملزم باز محمد عرف بازو مری ولد صالح محمد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم کافی عرصے سے رپوش تھے۔ سیکورٹی فورسز مسلسل ان کی تلاش میں تھی۔ زیارت میں واقع قائداعظم ریذیڈنسی پر جون دو ہزار تیرہ میں حملہ کیا گیا تھا۔ حملے میں ملوث کئی ملزمان کو پہلے ہی گرفتارکیا جاچکا ہے۔ ایک اور کارروائی میں ایف سی نے قلات کی تحصیل منگچر کے علاقے کلی رازن خیل میں سرچ آپریشن کے دوران ایف سی کانوائے پر حملوں میں ملوث چار ملزمان کوگرفتار کر لیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے خودکار ہتھیار بھی برآمد کیا گیا۔ تاہم ایف سی حکام کی جانب سے گرفتار افراد کی شناخت نہیں بتائی گئی۔