|

وقتِ اشاعت :   July 14 – 2015

کراچی: پاکستان رینجرز نے پیر کوایک اہم اجلاس میں کراچی آپریشن، رمضان میں مجموعی سیکیورٹی کے انتظامات اور الطاف حسین کی متنازعہ تقریر کا جائزہ لیا۔ ایم کیو ایم قائد الطاف حسین نے اتوار کی رات کارکنوں سے ٹیلی فونک خطاب میں رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل پر فوج کے ضابطہ اخلا ق کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کی سربراہی میں سینئر حکام نے متعدد معاملات پر غور و خوض کیا۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس میں مجرموں کے خلاف کراچی میں جاری آپریشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔’اجلاس میں طے پایا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت مجرموں اور شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائے جائے گی‘۔ رینجرز کے سنیئر افسران نے الطاف حسین کی متنازعہ تقریر کا بھی جائزہ لیا، جس میں انہوں نے جنرل راحیل شریف سے ڈ ی جی رینجرز اور دوسرے افسران کی فوجی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے انصاف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ الطاف حسین کی یہ تقریر بظاہر ان میڈیا رپورٹس کا ردعمل ہے جن میں رینجرز ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ پیر املٹری فورس ایک دو روز میں ایم کیو ایم کے ہیڈ کواٹر 90 پر 11 مارچ کو پڑنے والے چھاپے کا حقائق نامہ پیش کرے گی۔