|

وقتِ اشاعت :   August 4 – 2015

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مسلسل ہرزہ سرائی ملک کی سا لمیت کیلئے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ حالات میں انتہا پسندی ، مذہبی فرقہ واریت ، دہشتگردی اور بد امنی جیسی سنگین صورتحال کا سامنا ہے ایسے حالات میں تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کی اولین ترجیح دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے حکومت اور فورسز کے ساتھ کھڑے رہنا ہوناچاہیے تاکہ اس مشکل حالات سے عوام اور ملک کو چھٹکارہ دلایا جا سکے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے سے ہی ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی وابستہ ہے اس کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ایک صفحہ پر موجود ہوں وزیراعلیٰ نے کراچی میں دہشتگردی سمیت دیگر جرائم کے خلاف جاری آپریشن اور ریاستی اداروں کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی مسلسل ہرزہ سرائی پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بدامنی و دہشت پھیلانے والی قوتوں کو ہی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتہاء پسندی دہشتگردی بھتہ خوری ودیگر سنگین جرائم کے خلاف برسرپیکار فورسز کوموجودہ حالات میں ہر سطح پر سیاسی واخلاقی حمایت کی ضرورت ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک بھر بالخصوص کراچی میں قیام امن سے ملکی معیشت بہتر اور روزگار کے مزید ذرائع پیدا ہونگے ۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کو عوام کے ایک بڑے حلقے کی حمایت حاصل ہے لہذا ایم کیو ایم کو جمہوری جدوجہد میں بھرپور شرکت کا موقع ملنا چاہیے۔