کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع زیارت میں باراتیوں کی بس حادثے کا شکار ہوگئی ، چار افراد جاں بحق اور پچاس افراد زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق باراتیوں کی بس کوئٹہ سے لورالائی کی تحصیل دکی جارہی تھی۔ راستے میں زیارت کے علاقے کواس میں بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں پینتیس سالہ بی بی شائستہ، بارہ سالہ غلام علی ، تیس سالہ طارق اور پچیس سالہ نجیب اللہ جاں بحق جبکہ پچاس افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو کوئٹہ کے سول اسپتال اور بولان میڈیکل اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں میں آٹھ افراد کی حالت تشویشناک ہیں۔ حادثے کے بعد متاثرہ خاندان کی خوشیاں غم میں بدل گئیں۔ لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا ۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔