|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2015

راولپنڈی: فوجی عدالتوں نے آرمی پبلک اسکول حملے اور سانحہ صفورہ میں ملوث 7 دہشت گردوں کو سزائے موت اور ایک کو عمر قید کی سزا سنا دی جب کہ آرمی چیف نے فیصلے کی توثیق کردی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوجی عدالتوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول اور سانحہ صفورہ چورنگی کراچی میں ملوث 7 دہشت گردوں کو سزائے موت اور ایک کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کا ٹرائل آرمی ایکٹ 2015 کے تحت کیا گیا جب کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی دہشت گردوں کو دی جانے والی سزاؤں کی توثیق کردی ہے۔ ترجمان پاک فوج کےمطابق سانحہ آرمی پبلک اسکول میں ملوث دہشت گردوں حضرت علی، مجیب الرحمان، الیاس یحییٰ، مولوی عبدالسلام، تاج محمد، اور عتیق الرحمان کو سزائے موت سنائی گئی ہے جب کہ سانحہ پشاور میں ہی ملوث ایک دہشت گرد کفایت اللہ کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے اس کے علاوہ کراچی میں پیش آنے والے سانحہ صفورا میں ملوث دہشت گرد محمد فرحان کو بھی سزائے موت سنائی گئی ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں پر مقدمات شفاف انداز میں چلائے گئے اور انہیں قانونی مدد اور وکلا بھی فراہم کیے گئے جب کہ سزا یافتہ افراد کو کورٹ آف اپیل میں اپیل کا بھی حق حاصل ہے۔ واضح رہے کہ پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کے نتیجے میں 125 بچے شہید اور 147 افراد زخمی ہوئے تھے جب کہ سانحہ صفورا میں دہشت گردوں نے رینجرز اہلکاروں پر حملہ کیا جس میں 3 رینجرز اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔