|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2015

اسلام آباد :  وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ملاقات کر کے پرامن بلوچستان پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے آگاہ کیا، وزیراعظم نواز شریف نے پر امن بلوچستان پروگرام کے تحت سینکڑوں فراریوں کے ہتھیار ڈالنے کو خوش آئند قرار دیا،ملاقات میں بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ملاقات کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ اور سینیٹر حاصل بزنجو بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ عبدالمالک بلوچ نے وزیراعظم نواز شریف کو پر امن بلوچستان پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے پر امن بلوچستان پروگرام کے تحت سینکڑوں فراریوں کے ہتھیار ڈالنے کو خوش آئند قرار دیا ۔ ملاقات میں وزیراعظم کے گزشتہ دورہ کوئٹہ میں منظور کئے گئے جاری ترقیاتی پروگرام اور صوبے کی مجموعی امن و امان کی تفصیلی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناء وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا ہر قیمت پر خاتمہ کرینگے ، دہشتگردوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا اجلاس میں سانحہ اٹک پر افسوس اور دکھ کا اظہار کے علاوہ ملک کی سکیورٹی صورتحال ، مشاہد اللہ کے انٹرویو کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال ، ایم کیو ایم کے استعفوں کے معاملہ پر بھی غور کیا گیا ۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور طارق فاطمی نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیر داخلہ نے سانحہ اٹک کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی ۔ اجلاس میں دہشتگردوں کیخلاف تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی اور ہر قیمت پر دہشتگردی کا خاتمہ کیاجائے گا ۔ اجلاس میں مشاہد ا للہ خان کے انٹرویو کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی اس حوالے سے وزیراعظم نے کابینہ ممبران کو غیر ذمہ داران بیانات دینے سے روک دیا ہے ۔