|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2015

کوئٹہ: بلوچ ری پبلکن اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مر کزی ترجمان حمدان بلوچ نے کہا ہے کہ ڈاڈائے قوم شہید نواب اکبر خان بگٹی کی یاد میں اور بلوچستان میں جاری مظالم کے خلاف 22اگست کو جر منی کی دارالحکومت برلن ، برانڈن برگرٹور میں دن 1بجے سے شام 5بجے تک ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا جس کا مقصد بلوچستان میں جاری ظلم و جبر ، عام آبادیوں پر فضائی بمباری ،بلوچوں کے قتلِ عام سمیت بلوچستان میں بڑھتے ہوئے ریاستی مظالم کو دنیا کے سامنے آشکار کرنا ہے اپنے جاری کردہ بیان میں حمدان بلوچ نے کہا کہ چینی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ریاست نے بلوچ قوم کی نسل کشی کو مزید تیز کر دیا ہے تاکہ چین کو باور کرایا جاسکے کہ بلوچستان میں حالات اب انکے کنٹرول میں ہیں لیکن چین اس خوش فہمی میں نہ رہے بلوچستان میں کسی بھی منصوبے کی کامیابی بلوچ قوم کی مرضی و منشاء کے بغیر ممکن ہے ۔ ریاست گزشتہ کئی دہائیوں سے بلوچ قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹ رہی ہے جس کا فائدہ صرف پنجاب میں رہنے والے پنجابیوں کو پہنچتا ہے ۔ بلوچستان میں روز اول سے بلوچ قوم کا قتلِ عام جاری ہے آئے روز بلوچستان کی طول و عرض میں بلوچ نوجوانوں، بزرگوں اور بچوں کی لاشیں ملتی ہیں جنہیں بُری طرح تشدد کر کے شہید کیا جاتا ہے بلوچ قومی ریاست خطے میں امن کا ضامن ہوگی انسانی حقوق کے کارکنوں ، سول سوسائٹی، انسان دوست اورصحافی حضرات سے درخواست ہے کہ مظاہرے میں شامل ہوکر انسان دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔