|

وقتِ اشاعت :   August 22 – 2015

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط حکومت صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے اور کم وسائل کے باوجود حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کے دوردراز علاقوں میں لوگوں کو زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی ضلع موسیٰ خیل کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد کی قیادت سردار انورجان جعفر کر ر ہے تھے۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کو موسیٰ خیل میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد سے گفتگو کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت صوبے کے دور دراز اضلاع کی ترقی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہوں، انہوں نے کہا موجودہ حکومت صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری لانے کے لئے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کر رہی ہے جس سے لوگوں کے بہت سے مسائل ضلعی سطح پر حل ہو ں گے، انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے اراکین اسمبلی اور بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندوں کو چائیے کہ وہ تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دیں اورزیادہ سے زیادہ فنڈز ان شعبوں کی ترقی پر خر چ کریں،وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ موسیٰ خیل میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائیگی،وزیر اعلیٰ نے وفد کو موسیٰ خیل ضلع میں چند گرلز پرائمری سکولوں کی جلد اپ گریڈیشن کا بھی یقین دلایا۔ وفد نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے صوبے کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔