کراچی : ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام قطر کی حکومت اور لوگوں کے لیے قدر و عزت کے جذبات رکھتے ہیں، قطر کی حکومت اور سرمایہ کار پاک چائنا اقتصادی راہداری ، گوادر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قطر کے قونصل جنرل سعدعبداللہ المحمود الشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر اور بلوچستان کے عوام کی ثقافت میں مماثلت پائی جاتی ہے، بلوچستان اور بالخصوص مکران سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد قطر میں مقیم ہے، جبکہ پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ ، مثالی و برادرانہ تعلقات قائم ہیں، بلوچستان کے عوام مشرق وسطیٰ کے ممالک اور عوام کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں اور انہیں قدر کی نگاہ دیکھتے ہیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان دیرینہ رشتوں کو ثقافتی اور معاشی تعاون کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، بلوچستان میں معدنیات ، گیس ، لائیو اسٹاک ، ماہی گیری، زراعت کے شعبوں میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا دہشت گردی کی زد میں ہے، جبکہ دہشت گردی نے پاکستان اور افغانستان پر منفی اثرات چھوڑے ہیں، لیکن موجودہ وفاقی حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے، بلوچستان میں صوبائی حکومت کے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کے نتیجے میں فرقہ وارانہ تشدد ، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی اور راہزنی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے موجودہ صوبائی حکومت سرمایہ کار دوست پالیسی رکھتی ہے اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے ٹھوس حکمت عملی بنا چکی ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجز میں عرب ممالک کے طلباء کے لیے نشستیں مختص کی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ قطر کی حکومت بلوچستان کی یونیورسٹیوں میں ریسرچ کے حوالے سے خصوصی تعاون کرے، وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ورلڈ فٹبال کپ کے قطر میں انعقاد کی تیاریوں کے سلسلے میں وسیع تعمیراتی منصوبوں میں بلوچستان کے ہنر مند اور مزدوروں کو بھی ترجیح دی جائے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قطر کے قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی بہتر حکمت عملی اور سیاسی بصیرت کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، قطرکی حکومت اور عوام بلوچستان کے مزدوروں اور محنت کش طبقے کو بااعتماد سمجھتی ہے یہی وجہ ہے کہ قطر میں بلوچوں کی بڑی تعداد موجود ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کا آغاز خوش آئند ہے اور وہ قطر کی حکومت ، چیمبر آف کامرس اور سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں موجود سرمایہ کاری کے بہتر مواقعوں سے آگاہ کریں گے۔ قونصل جنرل نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے گوادر کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد گوادر کا دورہ کریں گے۔ جبکہ بلوچستان کے مزدوروں کو ترجیح دینے سے متعلق وہ اپنی حکومت کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے بلوچستان کی یونیورسٹیوں میں تحقیق کے شعبے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔