|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2015

کوئٹہ: حساس ادارے نے سریاب اورکیچی بیگ میں کارروائی کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ۔ کوئٹہ میں حساس اداروں کے اہلکاروں نے انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹ پرسریاب اور کیچی بیگ میں کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی مقدارمیں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے دہشت گرد یوم دفاع پاکستان کے موقع پر تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے، ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے ان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کوئٹہ ہی میں کارروائی کے دوران چند دہشت گردوں کو گرفتار اور ان کے قبضے سے 6 کلو گرام بارودی مواد برآمد کیا گیا تھا، گرفتار دہشت گرد نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا ایجنٹ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔