کوئٹہ : وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لئے وجود میں آیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لئے بحیثیت قوم یکجا رہتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے خلاف ڈٹ جائیں بلخصوص یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ہمیں اس عزم کی تجدید کرنا ہوگی کہ ہم مادر وطن کے دفاع کے لئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے اور ملک کی سرحدوں کی محافظ پاک افواج کے شانہ بشانہ رہیں گے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر جاری ہونے والے اپنے پیغام میں وزیراعلی نے کہا ہے کہ 50سال قبل ہماری بہادر افواج نے عددی تعداد کم ہونے کے باوجود دشمن کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملاتے ہوئے اسے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا تھا اس وقت بھی پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ تھی اور اس کے حوصلے بلند کر رہی تھی انہوں نے کہا کہ آج بھی پاک افواج ، دہشتگردی کے خلاف ضرب عضب میں مصروف ہے اور فتح و نصرت کے جھنڈے گاڑ رہی ہے 1965میں بھی ہماری دلیر افواج نے بیش بہا جانی قربانیاں دیں تھیں اور آج بھی دہشتگردی کی جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہے اور پوری قوم کو ان قربانیوں پر فخر ہے وزیراعلی نے کہا کہ اگر ہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد برقرار رکھیں گے تو دشمن کی مجال نہیں کہ وہ ہمیں میلی آنکھ دیکھ سکے۔وزیراعلی نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی ہمارے ملک کی حفاظت فرمائے اور ہمیں اپنے ملک کی حفاظت اور تعمیر و ترقی کیلئے بلند حوصلہ اور عزم عطا فرمائے۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ عظیم ہیں وہ لوگ جو اپنے وطن کی حفاظت اور عوام کے تحفظ کے لیے شہادت کا رتبہ حاصل کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی اے ایف بیس سمنگلی میں یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ ، آئی جی ایف سی، آئی جی پولیس ، پی اے ایف سمنگلی بیس کمانڈر ائیرکموڈور اطہر شمس سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی، وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر پاکستان کی تمام فورسز اور عوام مبارکباد اور خراج تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دیں، انہوں نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں ایسے واقعات اور حالات ضرور ہوتے ہیں لیکن وہی قوم کٹھن حالات میں سرخرو ہوتی ہے جو قربانی کے جذبے سے سرشار ہو، انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی ملک حالت جنگ میں ہے، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں فتح یاب عوام ہی ہوگی اور اس میں کامیابی سے ہی نفرتوں کا خاتمہ اور محبت کی فضاء قائم ہوگی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کے عوام کی بالادستی، آئین و قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی سے عوام خوشحال اور وفاق مضبوط ہوگا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے پی اے ایف بیس میں لگائے گئے مختلف اسٹالوں کا دورہ بھی کیا۔