|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2015

پیرس: آئس لینڈ کی ٹیم نے یورو کپ 2016 کیلئے کوالیفائی کرتے ہوئے پہلی مرتبہ کسی بڑے ایونٹ میں رسائی حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کردی جبکہ جمہوریہ چیک نے بھی آئندہ برس فرانس میں شیڈول فائنلز میں شرکت یقینی بنا لی ہے۔ آئس لینڈ کو یورو کپ میں کوالیفائی کرنے کیلئے محض ایک پوائنٹ کی ضرورت تھی اور قازقستان کیخلاف ڈرا میچ کی بدولت اس نے یہ پوائنٹ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ یورو کپ میں جگہ بھی یقینی بنا لی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ گروپ اے میں موجود آئس لینڈ نے کسی بڑے مقابلے کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ آئس لینڈ یورو کیلئے کوالیفائی کرنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ملک ہے جس کی آبادی ساڑھے تین لاکھ نفوس سے بھی کم ہے، اس سے قبل 2000 میں یہ اعزاز سلووینیا نے حاصل کی تھا جس کی آبادی تقریبآ 20 لاکھ ہے.  
گروپ اے میں ہی موجود جمہوریہ چیک نے لٹویا کو 2-1 سے شکست دے کر آئندہ سال یورپ کے سب سے بڑے مقابلے کیلئے اپنی جگہ پکی کر لی۔ اس سلسلے میں سب سے بڑا اپ سیٹ اس وقت ہوا جب ہالینڈ کی ٹیم کو ترکی کے ہاتھوں 3-0 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث یورو کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ ادھر گروپ بی میں مسلسل فتوحات حاصل کرنے والی ویلز کی ٹیم کو پہلی مرتبہ یورپیئن چیمپئن شپ میں جگہ بنانے کیلیے مزید کچھ انتظار کرنا ہوگا۔ ویلز کو کوالیفائی کرنے کیلئے اسرائیل کے خلاف میچ میں فتح درکار تھی لیکن کارڈف میں ہونے والا یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا اور اب ویلز کو اگلے میچ تک انتظار کرنا ہو گا۔ ایونٹ کیلئے کوالیفائی کرنے کیلئے ویلز کو اپنے آخری دو میچوں میں صرف ایک پوائنٹ درکار ہے اور ان کی فارم کو دیکھتے ہوئے یورو کپ 2016 میں ان کی شرکت یقینی نظر آتی تھی۔ گروپ ’بی ‘ کے ایک اور میچ میں دوسرے مقابلے میں بیلجیئم نے ایڈن ہیزارڈ کے آخری لمحات میں کیے گئے گول کی بدولت قبرص کو 1-0 سے شکست دی، آندورا کے خلاف اگلے میچ میں کامیابی کی صورت میں بیلجیئم یورو کپ کیلئے کولیفائی کر لے گا۔