|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2015

زیارت:  وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں صوبے میں ایک عوامی جمہوری اور سیاسی حکومت قائم ہے جو عوام کے وسائل کو امانت سمجھتی ہے ،صوبے کے وسائل کا ایک پیسہ بھی اپنے لئے حرام سمجھتے ہیں کیونکہ ہم عوام کی اس امانت کے امین ہیں اور اسے عوام ہی کی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن زیارت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال ، چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ، علاقے کے سیاسی و قبائلی عمائدین اور عوام کی بہت بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں عوام کے درمیان آکر ہمیشہ بہت خوشی ہوتی ہے کیونکہ وہ خود بھی عوام میں سے ہیں اور جشن زیارت کی اس عوامی تقریب میں شرکت کرکے وہ بیحد مسرت محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ، صوبائی حکومت اور سیکورٹی اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے صوبے کے عوام کو امن دینے میں کامیابی ملی ہے جس میں یقیناًعوام کا بھی بہت بڑا کردار ہے ۔ امن ہوگا تو ترقی آئے گی اور ملک مضبوط ہوگا کیونکہ بلوچستان ہی پاکستان ہے انہوں نے کہا کہ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے ان کے علاقوں میں موجود ہیں عوام سیکورٹی اداروں کو ایسے عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف بروقت کاروائی ممکن ہوسکے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زیارت قدرتی حسن سے مالا مال علاقہ ہے تاہم یہاں ایسی سہولتیں موجود نہیں جو سیاحت کے فروغ کیلئے ضروری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے زیارت کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقے میں پر امن ماحول کے قیام کیلئے اپنا کردارا دا کریں تاکہ یہاں ایسا ماحول بن سکے کہ باہر کے لوگ جب یہاں آئیں تو انہیں یہ معلوم ہو کہ زیارت کے لوگ عزت دینے والے اور عزت کی حفاظت کرنے والے لوگ ہیں تب ہی زیارت ایسا سیاحتی مرکز بن سکے گا جیسے کہ مری اور ایوبیہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر علاقے کی اپنی ثقافت ہے جس کی بہت زیادہ اہمیت ہے ۔ ثقافتی رقص بھی ہماری ثقافت کا حصہ ہیں جو ہرگز فحاشی کے زمرے میں نہیں آتے یہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ ہم اپنی تہذیب و ثقافت پر وہ توجہ نہیں دے رہے جس کی یہ متقاضی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی یہ تاثر قائم کرنا ہوگا کہ ہم اپنے صوبے کی ترقی اور امن چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زیارت کے صنوبر کے جنگلات ہمارا سرمایہ ہیں اور ہم درخت جو کہ زندگی ہیں کو کاٹ کر خود اپنے اوپر ظلم کرتے ہیں ہم اپنے درختوں کے محافظ بن جائیں اور درخت کاٹنے کو ایک سماجی جرم قرار دیدیا جائے تو یقیناصنوبر کے ان جنگلات کے ساتھ ساتھ دیگر جنگلات کی حفاظت بھی ممکن ہوسکے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زیارت ایک خوبصورت اور پر امن ضلع ہے اور یہاں کے لوگ بھی باشعور اورمہمان نواز ہیں تاہم ضلع میں شرح خواندگی اور ویکنیشن کا تناسب تشویشناک حد تک کم ہے اس جانب زیارت کے عوام کو خصوصی توجہ دینا ہوگی ۔ شرح خواندگی میں اضافے کیلئے سکول بھرو تحریک کو کامیاب بنانا ہوگا اور جتنے بچے اور بچیاں سکولوں سے باہر ہیں انہیں سکول بھیجنا ہوگا اس کے ساتھ ساتھ بچوں کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے انہیں پولیو سمیت دیگر موذی امراض سے محفوظ رکھنے کیلئے باقاعدگی کے ساتھ حفاظتی ٹیکے لگوانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اگردو قطروں سے بچے کی صحت اور زندگی بچ سکتی ہے تو یہ ضرور پلوائیں ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ جشن زیارت آئندہ ہر سال سبی میلہ ہی کی طرح سرکاری سطح پر منایا جائے گا جبکہ انہوں نے زیارت فٹبال گراؤنڈ کی جگہ سٹیڈیم کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔سپاسنامہ میں پیش کئے گئے مسائل کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے اپنے گذشتہ دورہ زیارت کے دوران جو اعلانات کئے تھے ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا جن میں ایمبولینس اور کوسٹر کی فراہمی ، سکالر شپ اور بلڈوزر گھنٹے سمیت دیگر اعلانات شامل ہیں انہیں پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے فنڈ سے زیارت میں چےئر لفٹ کے منصوبے پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا ۔ زیارت اور سنجاوی روڈ کے اہم منصوبے کو مکمل کیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ زیارت میں ڈیم کی تعمیراور واٹرشیڈ بنانے کے منصوبے وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے زیارت پریس کلب کیلئے 10لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جشن زیارت کی افادیت میں اضافہ کیلئے ہر روز صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور صوبائی سیکرٹری تقریبات میں شرکت کریں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کا خیر مقدم کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال نے اپنے خطاب میں کہا کہ زیارت سمیت صوبے کے عوام کیلئے طویل عرصہ بعد جشن زیارت کا کامیاب انعقاد کیاگیا ہے جسے بیحد پذیرائی ملی ہے اور میلے کے دوران منعقدہ مختلف کھیلوں کے مقابلوں سے زیارت اور دیگر اضلاع کے نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع میسر آئے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ ہماری روایت اور ثقافت ہے کہ ہم اپنے مہمانوں کو سرآنکھوں پر بٹھاتے ہیں جشن زیارت میں شرکت کرنے والے لوگوں کوہر قسم کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔اس سے قبل چےئرمین ضلع کونسل زیارت سردار میر وایس نے سپاسنامہ پیش کیا۔ قبل ازیں تقریب کے دوران لیویز کے چاق و چوبند دستے نے مارچ پاسٹ کیا اور وزیراعلیٰ کو سلامی پیش کی جبکہ چاروں صوبوں کے علاقائی رقص پیش کئے گئے ،مختلف کھیلوں میں شریک ٹیموں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو سلامی پیش کی جبکہ زیارت کے مختلف سکولوں کے بچوں نے دلفریب فلاور شو پیش کیا جسے بیحد سراہاگیا۔