|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع آواران میں نامعلوم افراد نے بلوچستان اسمبلی کے قائمقام اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کے گاؤں پر حملہ کردیا اور راکٹوں سے حملہ کرکے عبدالقدوس بزنجو کے آبائی گھر سمیت درجنوں گھروں کو نقصان پہنچایا۔ لیویز تحصیلدار عبدالغفور شاہ کے مطابق واقعہ جمعہ کی علی الصبح آواران کی تحصیل جھاؤ کے نواحی علاقے شندی میں پیش آیا جہاں موٹر سائیکلوں پر سوار درجن سے زائد حملہ آوروں نے بلوچستان اسمبلی کے قائمقام اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کے گاؤں پر دھاوا بول دیا اور عبدالقدوس بزنجو کے مشترکہ خاندانی اور آبائی گھر پر راکٹ داغے اور اس کے بعد گھر کو آگ لگادی۔ حملے میں گھر کے آٹھ سے زائد کمرے تباہ ہوگئے تاہم حملے کے وقت گھر میں کوئی موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب قائمقام اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلح افراد نے راکٹوں سے ان کے آبائی گاؤں پر حملہ کای ،ان کے گاؤں میں ان کے رشتہ دار اور خاندان کے دیگر افراد مقیم ہیں تاہم حملے کے وقت کوئی موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم 30سے 40گھر تباہ ہوگئے ہیں اس گاؤں میں 80سے زیادہ گھر ہیں۔