کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے جس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ناراض بلوچ رہنماؤں سے مذاکرات خوش آئند اقدام ہے تاہم اس سلسلہ میں مجھ سے کسی قسم کی مشاورت نہیں کی گئی انہوں نے کہا کہ اقتدار کی کرسی ہم نے اپنے مفادات کو تکمیل دینے کیلئے نہیں بلکہ اپنے عوام کو پرامن بلوچستان فراہم کرنے کیلئے سنبھالی ہے صوبہ میں امن وامان کے قیام کیلئے جس طرز پر اقدامات اٹھائے گئے اس کے ثمرات آج عوام کو حاصل ہو رہے ہیں اور اس تمام تر صورتحال میں صوبہ کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں ہماری فورسز کے جوانوں نے ناقابل فراموش قربانیاں دیکر بلوچستان کو امن کی راہ پر گامزن کیا انہوں نے کہا کہ ناراض بلوچ رہنماؤں سے مذاکرات خوش آئند اقدام ہے ہم روز اول سے یہ کہہ رہے تھے کہ آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے جو بھی بات کرے کی جائے گی ہم سننے کو تیار ہیں تاہم میں اتنا واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ براہمدغ بگٹی سے مذاکرات کے حوالے سے اب تک مجھے اعتماد میں نہیں لیا گیا اور میں اس ضمن میں مکمل طورپر لاعلم ہوں۔