|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2015

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کیسکو حکام کو ہدایت کی ہے کہ بلوچستان حکومت کے کیسکو کی مختلف ترقیاتی اسکیمات کے لیے فراہم کئے گئے فنڈز، اسکیمات کی تکمیل اور عدم تکمیل سے متعلق صوبائی حکومت کو فوری رپورٹ دی جائے، یہ ہدایت وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کیسکو چیف رحمت اللہ بلوچ کو گذشتہ روز منعقدہ اجلاس میں دی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز کی تنصیب، واٹر سپلائی اسکیمات کو کنکشن کی فراہمی کے لیے فنڈز فراہم کرتی ہے لیکن کیسکو کو فنڈز کے اجراء کے باوجود یہ تمام اسکیمات غیر ضروری تاخیر کا شکار ہیں، جس سے اسکیمات کی لاگت میں اضافہ کے علاوہ عوام کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیسکو کی غیر ضروری تاخیر پر وزیر اعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا کہ سالوں سے اسکیمات اور منصوبوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث صوبائی حکومت کو مشکلات پیش آرہی ہیں، انہوں نے کہا کہ کیسکو اسکیمات کی بروقت تکمیل سے متعلق کارکردگی کو بہتر بنائے، اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، سیکریٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی، سیکریٹری توانائی، چیئرمین کیسکو،بورڈآف ڈائریکٹرز، عبدالخالق بلوچ اور دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔