|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2015

کوئٹہ: کمشنر کوئٹہ ڈویژن کمبر دشتی نے کہاکہ کوئٹہ ڈویژن جغرافیائی لحاظ سے بڑی اہمیت کا حامل خطہ ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے امن و امان کی صورتحال گذشتہ سالوں کی نسبت کافی بہتر ہوچکی ہے۔یہ بات انہوں نے کمشنر آفس کوئٹہ میں بلوچستان کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے 103ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹاف راؤ منظر حیات ،ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ محمد قاسم مینگل ،ڈی آئی جی کوئٹہ سید امتیاز شاہ ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ داؤدخان خلجی اور ڈائریکٹر جنرل لیویز کے علاوہ محکمہ بلدیات،واسا، تعلیم ،معدنیات،ترقیات، افرادی قوت اوردیگر محکموں کے ڈویژنل آفیسران بھی موجود تھے۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہاکہ قدرتی معدنیات سے مالامال خطہ ہونے کے علاوہ ہمسایہ ممالک سے تجارت و کاروبار کے لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے۔قدرتی وسائل سے بھر پور استفادہ کرکے کاروبار کے نئے مواقع اور لوگوں کے لئے روزگار کے ذرائع پیدا کئے جاسکتے ہیں ۔امن وامان کے سلسلے میں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے خصوصی اقدامات اٹھانے سے حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔زائرین کی سیکورٹی ،ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان اور دیگر جرائم کے خلاف موثر حکمت عملی اپنانے سے ہی مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے فروغ ،صحت عامہ کی سہولیات ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے لوگو ں کا معیار زندگی بہتر ہوگی۔انہوں نے کہاکہ قانون نا فذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد ہورہا ہے جبکہ لیویز فورس کی استعداد کار میں اضافہ اور بی ایریا میں جرائم کے خلاف کارروائی کے سلسلے میں ان کی تربیت کے لئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں لیویز اہلکاروں کی کمانڈو ٹریننگ کے علاوہ ان کے لئے جدید اسلحہ اور آلات کی فراہمی کو ممکن بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ لیویز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل رابطے میں ہیں اور سنگین جرائم کی روک تھا م کے سلسلے میں مکمل معلومات کا تبادلہ بھی کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ ڈویژن کے اضلاع پولیو کے مرض کے حوالے سے خطرناک ہیں سرحدی علاقے ہونے کی وجہ سے پولیو وائرس پھیلانے کا خدشہ رہتاہے اس سلسلے میں انتظامیہ پولیو مہم کے دوران زیادہ توجہ مرکوز کرتی ہے تاکہ پولیو کے وائرس کی روک تھام ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر میں امن وامان کی بہتری کے لئے جنگی بنیادوں پر حکمت عملی مرتب دی گئی اس کے علاوہ اغواء برائے تاوان ، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین جرائم کی روک تھا م کے لئے پولیس ،لیویز اور ایف سی موثر اقدامات کررہے ہیں ۔جس سے ماضی کے مقابلے میں جرائم کے تناسب میں کمی واقع ہورہی ہے۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور ڈائریکٹر اسٹاف ایس ایم سی لاہور کے درمیان یاد گاری شیلڈز اور تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔