کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ گڈگورننس کے قیام اور عوام کو ڈلیور کرنے کیلئے ملک بھر میں بلاامتیاز احتساب وقت کی ضرورت ہے عیدالاضحی کے بعد ناراض بلوچ رہنماوں سے مذاکرات اور پارٹی کو فعال بنانے کیلئے مہم چلائی جائے گی ۔یہ بات انہوں نے پیر کو میونسپل کمیٹی اوستہ محمد کے اپوزیشن لیڈر سجاد احمدابڑو کی ساتھی کونسلروں کے ہمراہ نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پرایم پی ایز ہاسٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ سجاد احمد کی شمولیت سے نیشنل پارٹی نصیرآباداور جعفرآباد میں مزید مضبوط اور فعال ہوگی ان سے قبل صحبت پورسمیت مختلف علاقوں سے اہم شخصیات کی پارٹی میں شمولیت ایک اہم بریک تھرو تھی انکی شمولیت سے پارٹی کی جدوجہد کو تقویت ملے گی ۔انہو ں نے کہا کہ اس وقت عوام سمجھتے ہیں کہ نیشنل پارٹی ہی انکے مسائل حل اور حقوق دلاسکتی ہے ہماری کوشش ہے کہ عیدکے بعد صوبے بھر میں مہم چلائیں گے جس میں بڑی تعداد میں لوگ پارٹی میں شامل ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر جمہوریت میں عوام کو ڈلیور نہ کرسکے تو یہ ہماری بڑی بدقسمتی ہوگی اور عوام کو ڈلیور گڈگورننس سے ہی ممکن ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ احتساب کے بغیر گڈگورننس ممکن نہیں اور اگر گڈگورننس نہ ہو تو عوام کو ڈلیور نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں تعلیم اور محکمہ صحت میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کردیئے ہیں جس کے مثبت اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں تاہم بلدیاتی اداروں میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے اوراس سلسلے میں اقدامات کر رہے ہیں ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عید کے بعد ناراض بلو چ رہنماؤں سے مذاکرات کا سلسلہ وفاقی حکومت کی مشاورت سے شروع کیا جائے گااگر مجھے ٹاسک دیا گیا تو میں یا پھر وفد براہمدغ بگٹی سے مذاکرات کریگا۔ڈاکٹراللہ نذرسے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ بات کنفرم نہیں ہے کہ وہ ہلاک ہوچکے ہیں یا نہیں اس غیر مصدقہ اطلاعات ہیں۔اس موقع پر پارٹی کے سینئر نائب صدر میر طاہر بزنجو نے سجاد احمد بڑو اورانکے دوستوں کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی پارٹی میں شمولیت اس بات کی دلیل ہے کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ نیشنل پارٹی ہی بلوچستان کوجہالت ،پسماندگی اور معاشی بدحالی سے نجات دلاسکتی ہے۔ قبل ازیں سجاد احمد ابڑو نے ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی اوراسکی قیادت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے جس طرح کوششیں کررہی ہے وہ قابل ستائش ہے صورتحال کا بغور جائزہ لیکر نیشنل پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی کے تاثرکومستردکرتے ہوئے کہاہے کہ صوبے کے نوجوان باصلاحیت اورتعلیم یافتہ ہیں انہیں اگرمواقع فراہم کئے جائیں تواپنی صلاحیتوں کاہرپلیٹ فارم پرلوہامنواسکتے ہیں اس لئے بلوستان کے ہونہار نوجوانوں کوقومی ائیرلائن فارن سروسز میں ملازمتوں کے مواقع دئیے جائیں کوئٹہ سے پروازکی منسوخی سے براتاثرپھیلتاہے وہ گزشتہ روز پی آئی اے آفس میں پی آئی اے ٹریننگ سینٹرکی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے اس موقع پروزیراعظم کے مشیرایوی ایشن ڈویژن کیپٹن شجاعت عظیم ،صوبائی وزیرخوراک میراظہارخان کھوسہ،ڈسٹرکٹ منیجربلوچستان عبدالباقی بلوچ،شاہ مونس سمیت دیگر افیسران واہلکاران بھی موجود تھے ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ ایک وقت میں ملک کے سب سے زیادہ ائیرپورٹ بلوچستان میں تھے تاہم ری کارپینٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے سبی خضدار پنجگور،جیونی کے ائیرپورٹ غیرفعال ہیں انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوان انتہائی باصلاحیت اورتعلیم یافتہ ہیں اگرانہیں قومی ائیرلائن یافارن سروسز میں ملازمت کے مواقع دئیے جائیں توکوئی وجہ نہیں کہ صوبے کے نوجوان کسی بھی میدان میں اپنی صلاحیتوں کالوہامنواکراپنی اہمیت کااندازہ کراسکتے ہیں پی آئی اے میں صوبے کاکوٹہ بڑھایاجائے تاکہ صوبے سے بے روزگاری ختم ہوکیونکہ ہمارے صوبے کاسب سے بڑامسئلہ بے روزگاری ہے جس کے خاتمے کیلئے وفاق کوصوبے کے ساتھ مل کرکام کرناہوگاتاکہ بلوچستان میں پائی جانے والی احساس محرومی اورصوبے کی پسماندگی کودورکیاجاسکے انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے کوٹے پر25ائیرہوسٹس کی آسامیاں خالی تھیں جبکہ بلوچستان سے 28بچیوں نے ملازمت کے حصول کےئے کاغذات جمع کرائے تھے لیکن اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی انہوں نے کہاکہ آئے روز کوئٹہ سے پروازیں منسوخ کردی جاتی ہیں جس سے صوبے کے مسافروں کونظرانداز کیاجاتاہے اوراس اقدام سے اچھاتاثرنہیں جاتاقومی ائیرلائنز کوئٹہ سے پروازوں میں اضافہ کرے جس سے ائیرلائنز کوبھی کافی بزنس ملے گااورصوبے میں بسنے والے لوگوں سمیت تاجربرادری بھی اس سے مستفید ہوگی وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ پی آئی اے ٹریننگ سینٹر کے قیام اورائیرپورٹ کی توسیع پرمیں وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف کامشکورہوں اس موقع پرشجاعت عظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کے ٹریننگ سینٹرسے صوبے کے نوجوان بھرپوراستفادہ کریں گے 12سوانجینئر ہردوسال بعد تیارہونگے جونہ صرف ملک اوربیرون ملک بھی اپنے فرائض سرانجام دیں گے جس سے ہمارے ملک سے بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پرپی آئی اے کے ٹریننگ سینٹرکاافتتاح کیاگیاجوانہوں نے یہاں کے نوجوانوں سے وعدہ کیاتھاقبل ازیں ڈسٹرکٹ منیجرعبدالباقی بلوچ نے معزز مہمانوں کے اعزازمیں استقبالیہ دیابعدازاں شاہ مونس نے بریفنگ دی اوربتایاکہ ائیرپورٹ کی توسیع پر1876ملین کے اخراجات آئیں گے۔