سماجی رابطے کی ویب سائٹس میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی جنگ جاری ہے اور اب فیس بک نے اپنی حریف ٹوئٹر کو ایک اور میدان میں شکست دے دی۔
جی ہاں فیس بک کی ملکیت میں موجود فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹا گرام نے 400 ملین سے زائد صارفین کے ساتھ ٹوئٹر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
انسٹاگرام کے گزشتہ نو ماہ کے دوران سو ملین سے زائد نئے صارفین بنے ہیں جبکہ ٹوئٹر کے ماہانہ متحرک صارفین کی تعداد اس وقت 316 ملین ہے۔
انسٹاگرام کے 75 فیصد سے زیادہ صارفین کا تعلق امریکا سے ہٹ کر ہے۔
فیس بک نے اس حوالے سے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہا کہ پانچ سال پہلے جب انسٹاگرام کو متعارف کرایا گیا تو 400 ملین کا ہندسہ دور دراز کا خواب لگتا تھا تاہم اب ہم اسے مزید بہتر بنارہے ہیں اور دنیا کو تصاویر کے ذریعے اپنے جذبات شیئر کرنے کا موقع دے رہے ہیں۔
انسٹاگرام پر روزانہ 80 ملین تصاویر کو شیئر کیا جاتا ہے اور اس کے زیادہ تر صارفین یورپ، ایشیا، برازیل اور جاپان سے تعلق رکھتے ہیں۔
انسٹاگرام نے ٹوئٹر کو پیچھے چھوڑ دیا
وقتِ اشاعت : September 23 – 2015