|

وقتِ اشاعت :   October 10 – 2015

کوئٹہ: مختلف مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے علماء کرام،اعلیٰ پولیس افسران ، سول انتظامیہ کے اعلی افسران اور تاجر نمائندوں کا ایک اجلاس آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن کی زیرصدارت ہیڈکوارٹر فرنٹےئرکورمیں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پولیس منظورسرور ،ڈی آئی جی پولیس امتیازشاہ،مےئرکوئٹہ ڈاکٹرکلیم اللہ، کمشنرکوئٹہ ڈویژن قمبردشتی،ایڈیشنل ہوم سیکرٹری نوراحمدسومرو،ڈی سی کوئٹہ داؤدخان خلجی،ایم پی اے سید محمدرضا،عبدالقیوم چنگیزی،سیدمسرت حسین،علامہ جمعہ اسدی،محمدعلی شان،ڈاکٹرعطاء الرحمان،مولاناعبداللہ خلجی،مولاناانوارالحق، سرداراقبال خلجی، علامہ مختارحبیبی،حضرت علی اچکزئی اوریاسین مینگل نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء کو ایڈیشنل آئی جی پولیس منظورسرور اورکمانڈنٹ غزہ بندسکاؤٹس فرنٹےئرکورکرنل سجاد نے محرم الحرام کی سیکیورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران شرکاء نے محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورامن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے مختلف تجاویزاورسفارشات پیش کیں۔جن پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی نے اس بات پرضروردیا کہ اتحاد بین المسلمین ،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اوریکجہتی کے سلسلے میں ایک دوسرے کا بھرپورساتھ دیں اورتعصب کے خاتمے اوربھائی چارے کے فروغ کیلئے کام کیا جائے۔اس کے علاوہ اشتعال انگیزتقریروں اورلوڈسپیکرکے غلط استعمال سے بچتے ہوئے ایک دوسرے کے جذبات کومجروح کرنے سے گریزکیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ اورگڑبڑ پھیلانے والے عناصر سے ہوشیاررہا جائے اور ان کی بروقت نشاندہی کی جائے تاکہ ایسے عناصر اور شرپسندوں کو کیفرکردارتک پہنچایا جائے سکے۔پولیس اور ایف سی اس سلسلے میں بلا خوف اورامتیازکے کارروائی کرے گی۔ اجلاس میں اس امرپراتفاق رائے پایا گیا کہ کوئٹہ شہرمیں کوئی فرقہ واریت نہیں اور باہرسے آکرکچھ شرپسنداورامن دشمن عناصراپنے ناپاک عزائم کو پوراکرنے کیلئے فرقہ واریت کے نام پر قتل وغارت گری کررہے ہیں جس کو روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔آئی جی ایف سی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ کسی کوبھی اسلحہ اورہتھیاررکھنے یا اُس کی نمائش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تمام فرقوں کے نمائندوں پرمشتمل ایک ایسی کمیٹی تشکیل دی جائے جوعاشورہ کے جلوس کا انتظام بہترطریقے سے سنبھال سکے اوراتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے مستقل بنیادوں پر کام کرے۔اجلاس میں آئی جی ایف سی نے شیعہ اور سنی مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے علمائے کرام پرزوردیاکہ وہ مذہبی رواداری اورایثار کے جذبے کو پروان چڑھائیں تاکہ کوئٹہ کے امن کو مستقل بنیادوں پر قائم کیا جاسکے۔اجلاس کے شرکاء نے ایف سی اوردیگرسیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔