یورپین چیمپین شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے ایک میچ میں بوسنیا ہرزیگوینا کے ہاتھوں شکست کے باوجود ویلز کی فٹ بال ٹیم نے 57 برسوں میں پہلی مرتبہ فٹ بال کے کسی اہم ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
سنیچر کو بوسنیا ہرزیگوینا کے شہر زینکا میں یورو 2016 کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ بی کے کھیلے گئے میچ میں ویلز کو بوسنیا ہرزیگوینا کے خلاف میچ میں دو صفر سے شکست ہوئی تاہم اسی گروپ کے ایک اور میچ میں اسرائیل کو قبرص نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ اسرائیل کی قبرص کے خلاف شکست سے ویلز کے ٹیم پوائٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئی ہے اور اس نے اگلے سال فرانس میں منعقد ہونے والی یورپین چیمپین شپ میں اپنی جگہ بنا لی۔ دوسری جانب گروپ بی کے ایک اور میچ میں بیلجیئم نے اندورا کو چار ایک سے شکست دے کر سنہ 2000 کے بعد پہلی مرتبہ یورپین چیمپین شپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ ویلز نے پہلی مرتبہ یورپین چیمپین شپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ ویلز نے اپنا آخری اہم ٹورنامنٹ سویڈن میں سنہ 1958 کا عالمی کپ کھیلا تھا۔ فی الوقت 12 ٹیمیں یورو 2016 کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں جبکہ 12 مزید ٹیموں کے قسمت کا فیصلہ ہوتا ابھی باقی ہے۔ یورو 2016 کے لیے کوالیفائی کرنے والوں میں فرانس، آسٹریا، چیک رپبلک، انگلینڈ، آئس لینڈ، شمالی آئرلینڈ، اٹلی، پرتگال، سپین، سوئٹزرلینڈ، بیلجیئم اور ویلز شامل ہیں۔ویلز نے یورو کپ 2016 کے لیے کوالیفائی کر لیا
وقتِ اشاعت : October 11 – 2015